مالنگا انگلش بیٹسمینوں پر ہنر آزمانے کیلیے بے تاب

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 13 جون 2013
سری لنکا کو چیمپئنز ٹرافی میں موجود رہنے کیلیے میزبان سائیڈ کیخلاف فتح درکار۔ فوٹو: فائل

سری لنکا کو چیمپئنز ٹرافی میں موجود رہنے کیلیے میزبان سائیڈ کیخلاف فتح درکار۔ فوٹو: فائل

لندن: چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے میں انگلینڈ اور سری لنکا کا مقابلہ جمعرات کو اوول میں ہوگا، سری لنکا کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شریک رہنے کا چیلنج درپیش ہے۔

ٹرافی کی امیدیں برقرار رکھنے کیلیے ہر صورت انگلش ٹیم کو زیر کرنا ہوگا، دوسری جانب میزبان سائیڈ بھی فائنل 4 کی ٹکٹ کٹوانے کیلیے بیتاب ہے، جوز بٹلر ایک بار پھر اپنی دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کیلیے تیار بیٹھے ہیں، انھوں نے لسیتھ مالنگا کو ریورس سوئنگ کا مزہ چکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کو چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نشست محفوظ کرنے کیلیے ایک اور فتح درکار ہے، اس سے قبل اس نے اپنے روایتی حریف آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔ سری لنکا کا معاملہ اس کے برعکس ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست نے اس کا ایونٹ میں سفر دشوار بنادیا ہے، اب اگر اسے ٹرافی کیلیے اپنی امیدوں کو برقرار رکھنا ہے تو صرف انگلینڈ ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا کو بھی زیر کرنا ہوگا۔ میزبان بیٹسمین سری لنکن اٹیک کیلیے مشکل بن سکتے ہیں کپتان الیسٹر کک سمیت تقریباً سب ہی فارم میں ہے، آسٹریلیا سے میچ میں ای ین بیل صرف 9 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہیں کرپائے تھے جبکہ ٹروٹ اور بوپارہ بھی ففٹیز کے قریب رہے تھے ۔سری لنکا کے صرف کمارسنگاکارا ہی 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

ایونٹ کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کا زخم اگرچہ انگلش ٹیم بھلا چکی مگر سری لنکا نے ان میچز میں میزبان کھلاڑیوں کی خامیوں کا اچھی طرح اندازہ کرلیااور اسے اپنے واحد ہتھیار اسپن کے ذریعے ڈھیر کرنے کیلیے پراعتماد ہے۔ سری لنکا کے پاس لسیتھ مالنگا کی صورت میں ایک یکسر مختلف انداز کا بولر موجود ہے تاہم نیوزی لینڈ سے میچ میں 16 بالز پر47 رنز جڑنے والے جوز بٹلر نے اعلان کیا ہے کہ وہ مالنگا کے ریورس سوئنگ پر اسکوپ شاٹس کھیلیں گے، انھوں نے کہا یہ میرا پسندیدہ شاٹ اور میں اسے مالنگا کیخلاف ضرورآزماؤں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔