ڈائریکٹوریٹ اسکولز کراچی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف

ایس ایم سی فنڈ سے جاری14کروڑ روپے سرکاری اسکول تک نہیں پہنچے، نیاز لغاری نے ڈی ڈی او پاورز من پسندافسران کودیے.

قانون طورپرفنڈزکے استعمال کااختیاراسکولوں کے ہیڈماسٹرزکوہے، اب تک کسی ڈی ڈی اونے فنڈزاسکولوں کوٹرانسفر نہیں کیے. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کی لاپرواہی کے سبب سرکاری اسکولوں کی مجاز اتھارٹی ڈائریکٹوریٹ اسکولز کراچی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کاانکشاف ہوا ہے۔

رواں مالی سال 2012/13 کے خاتمے سے چند روزقبل کراچی کے سرکاری اسکولوں کوجاری ہونے والے ایس ایم سی فنڈکی 14کروڑ روپے سے زائد کی رقم کراچی کے کسی بھی سرکاری اسکول تک پہنچ ہی نہیں سکی ہے، چند روزقبل تبادلے کے باوجود چارج نہ چھوڑنے والے ڈائریکٹر اسکولز کراچی نیاز لغاری کی جانب سے سرکاری رقوم اورفنڈز کے استعمال کا اختیار اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کودیے جانے کے بجائے چند من پسند افسران کو ڈی ڈی او (ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسر) مقررکرتے ہوئے فنڈزکے استعمال کے تمام تراختیارات انھیں دے دیے گئے ہیں، اس حوالے سے نیاز لغاری نے ریفارم سپورٹ یونٹ کی جانب سے ایس ایم سی فنڈز کاخط جاری ہوتے ہی اچانک ڈی ڈی اوپاورز ہیڈماسٹرز؍پرنسپلز سے لیتے ہوئے دفتری حکم ناموں کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ اوربعض ٹائون میں کام کرنیوالے افسران کوڈی ڈی اوز پاور سونپ دیے ہیں۔




ایک ایک افسرکو سیکڑوں اسکولوں کی ڈی ڈی اوز پاورز سونپی گئی ہیں، ڈی ڈی اواختیارات کے بعد سے کسی بھی افسرنے اسکولوں کوفنڈزکی منتقلی نہیںکیے، کراچی کے سرکاری اسکول کھنڈرات میں تبدیل ہورہے ہیںجبکہ فنڈز منتقل نہ ہونے اور رقم میں خرد برد سے اسکولوں کی حالت مزید ابترہوجائے گی ''ایکسپریس'' کومعلوم ہواہے کہ گریڈ17کے اے ڈی او ایجوکیشن ایلیمنٹری فیمیل ملیر ٹائون معین اختر کو ملیر ٹائون کے تمام ایلیمنٹری اسکولوں کی ڈی ڈی اواختیارات ، گریڈ 16کے افسر اے ڈی او ایجوکیشن ایلیمنٹری میل لیاقت علی کونیوکراچی ٹائون کے ایلیمنٹری میل کے تمام سرکاری اسکولوں کے ڈی ڈی او اختیارات ،ڈپٹی ڈائریکٹر سیمس اینڈ پلاننگ کاشف اخترکونارتھ ناظم آباد کے تمام میل ایلیمنٹری اسکولوں کے ڈی ڈی اواختیارات ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالجبار راجپر کوبلدیہ ٹائون کے میل ایلیمنٹری اسکولوں کے ڈی ڈی او اختیارات ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرمشرف علی کولانڈھی ٹائون کے میل ایلیمنٹری اسکولوں اوراکائونٹ افسرغلام رسول بھٹو کو اورنگی ٹائون کے میل ایلیمنٹری اسکولوں کا ڈی ڈی او اور فنڈزکے استعمال سے متعلق تمام اختیارات دے دیے گئے ہیں۔

صرف اسکول ہیڈ مامسٹر عبدالطیف مغل ایسے افسر ہیں جنھیں ان کے اسکول سمیت گلبرگ ٹائون کے دیگر اسکولوں کی ڈی ڈی او اختیارات دیے گئے ہیں ، محکمہ تعلیم کے ایک اعلیٰ افسرکے مطابق ریفارم سپورٹ یونٹ کے منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ محکمہ خزانہ نے کراچی کے سرکاری اسکولوں کوایس ایم سی فنڈکی رقم جاری کردی ہے جومتعلقہ اسکولوں کے اکائونٹس میں ٹرانسفرکی جارہی ہے جس کے بعد ایک ایک افسر کو سیکڑوں اسکولوں کا اکائونٹ آپریٹ کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
Load Next Story