فرسٹ ائیر کے داخلے 90 ہزار فارم فروخت 60 ہزار موصول

کمپیوٹرسائنس اورہوم اکنامکس کی میرٹ لسٹ ستمبر میںجاری ہونے کا امکان ہے،پروفیسر ڈاکٹر ناصرانصار

مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے انٹرسال اول کے داخلہ فارم فروخت اور جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔ فوٹو: فائل

مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کے لیے90 ہزارفارم فروخت ہوگئے جبکہ سرکاری کالجوں میں داخلوں کیلیے قائم مرکزی داخلہ کمیٹی کوامیدواروں کی جانب سے60ہزار داخلہ فارم موصول ہوچکے ہیں۔


ادھر مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے انٹرسال اول کے داخلہ فارم فروخت اور جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کردی ، داخلہ فارم اب میزان بینک کی مقررہ شاخوں سے 25اگست تک حاصل اور جمع کرائے جاسکیں گے ،مرکزی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹرناصرانصارکے مطابق عیدالفطرکی تعطیلات کے فوری بعد مرکزی داخلہ کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والے داخلہ فارم کی فیکلٹی کی بنیاد پردرجہ بندی کی جائے گی جس کے بعد داخلوں کے سلسلے میں ضروری کارروائی کے بعد ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں میرٹ لسٹ کی تیاری کی جائے گی۔

امکان ہے کہ مرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت ابتدائی مرحلے میں ستمبرکے پہلے ہفتے میں کمپیوٹرسائنس اور ہوم اکنامکس کی میرٹ لسٹ جاری کی جا ئے گی جبکہ دیگرفیکلٹیزکی میرٹ لسٹ بھی ستمبرمیں ہی جاری کیے جانے کا امکان ہے،واضح رہے کہ مرکزی داخلہ کمیٹی نے کراچی کے سرکاری کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کے لیے1 لاکھ سے زائد نشستیں مختص کی ہیں جبکہ اس سال میٹرک میں سائنس اورجنرل گروپ میں تقریباً ایک لاکھ12ہزارطلبا کامیاب ہوئے ہیں جبکہ صرف میٹرک سائنس میں 90 ہزار سے زائد طلبا پاس ہوئے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story