شاپنگ سینٹرز اور دیگر مقامات پر مہندی لگانے کےا سٹالز سج گئے

مہندی کی چمک کیلیے ’’گلیٹرز‘‘ کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے

عیدالفطر کی تیاریوں کے سلسلے میںمارکیٹوں میں رش بڑھ گیا ہے،ایک اسٹال پرخواتین جیولری پسند کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ماہ رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے وسط میں عیدالفطر کی خریداری سرگرمیاں عروج پر پہنچنے کے ساتھ شہر بھر کے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بیوٹی پارلرز کے اطراف خواتین کو راغب کرنے کیلیے مہندی لگانے کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں، بہت سے شاپنگ سینٹرز میں عیدالفطر کی خریداری کرنے والی خواتین کسٹمرز کو مفت مہندی لگائی جارہی ہے۔

کھجوربازار، جوڑیا بازار اور لی مارکیٹ میں مہندی اورکونز کے تیارکنندگان کا کہنا ہے کہ شہر میں ممکنہ دہشت گردی اور خراب حالات کی وجہ سے رواں سال ماہ رمضان المبارک کے ابتدائی دو عشروں کے دوران تھوک وخوردہ فروشوں اور عمومی کسٹمرز نے ان کے مراکز کا رخ نہیں کیا جس کی وجہ سے گذشتہ سال کی نسبت رواں سال ماہ رمضان المبارک کے ابتدائی دو عشروں میں مہندی اور کونز کی فروخت بمشکل25تا35 تک محدود رہی ہے البتہ ماہ رمضان کے تیسرے عشرے کا آغاز اس شعبے کے لیے حوصلہ افزا رہا ہے کیونکہ مہندی اور کونز کی محدود تجارتی سرگرمیاں سیزن کے مناسبت سے بحال ہوگئی ہیں۔


رواں سیزن کے دوران منظم اور غیرمنظم شعبے کی جانب سے تیار کی جانیوالی1000سے زائد برانڈ کی مہندی اور مہندی کی ویلیوایڈڈ مصنوعات مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن گذشتہ سال کی نسبت خالص مہندی، پیکنگ میٹریل ودیگر کیمیکلز کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہندی اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ لاگت میں اضافے کے نتیجے میں مہندی پروڈکٹس کی قیمتوں میں بھی گذشتہ سال کی نسبت20 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک میں خواتین کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے مینوفیکچررز ''ہربل مہندی''، ''کالی مہندی''، ''لال مہندی'' اور ٹیوب مہندی تیار کررہے ہیں، کراچی میں کھجور بازار، لی مارکیٹ، جوڑیا بازار، رنچھوڑ لائن، کھارادر، لیاری، جامع کلاتھ مارکیٹ، مینابازار کریم آباد، حیدری مارکیٹ، اورنگی ٹائون کا علی گڑھ بازاراور پاپوش مارکیٹ مختلف اقسام کی برانڈڈ اور غیربرانڈڈ مہندیوں اور کونز کے گڑھ ہیں، عیدالفطر سیزن میں ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے کراچی کے مختلف بازاروں میں ایک ہی قسم کی مہندی کونز کی قیمتیں مختلف ہیں۔

کچھ علاقوں میں عام چھوٹی مہندی کون15تا20روپے میں فروخت کی جارہی ہے جن کی ایک سال قبل قیمت10 تا15روپے تھی اسی طرح یہی چھوٹی کون طارق روڈ، جامع کلاتھ مارکیٹ، حیدری مارکیٹ کے علاوہ ایئرکنڈیشنڈ شاپنگ مالز میں35تا50روپے میں فروخت کی جارہی ہے، سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ خواتین کو لگائی جانے والی مہندی کی چمک کیلیے افشاں ''گلیٹرز'' کا استعمال کیا جاتا ہے جو دراصل مہندی کے ڈیزائن کو نمایاں کرنے اور بارڈر کے لیے استعمال کی جاتی ہے،مارکیٹ میں گلیٹر کی قیمت بھی گذشتہ سال کی نسبت دگنی ہوگئی ہے لیکن اس کے استعمال میں بھی اضافہ کا رحجان غالب ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story