جی ایس ٹی میں اضافہ نہیں کیا گیا پنجاب میں امیر آبادیوں کے5مرلہ مکان پر ٹیکس کی چھوٹ ختم

آئندہ مالی سال میں بجلی کی پیداوارکےمنصوبوں پر20ارب 43کروڑ روپے خرچ کرنےسے لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہو گی،مجتبیٰ شجاع

وزیراعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں 30فیصد کمی کی گئی، تمام محکمے بھی 15فیصد کمی کرینگے، ترقیاتی منصوبوں پر 93ارب روپے خرچ ہونگے. فوٹو: پی پی آئی

صوبائی وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے امیر آبادیوں میں 5مرلہ مکان پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ٹیکس کی مد میں 126.72ارب روپے وصول کرے گی۔

صوبے میں جنرل سیلز ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ماضی میں پیپلزپارٹی کی حکومت پنجاب کی بجلی دوسرے صوبوں کو دیتی رہی ہے، آئندہ مالی سال میں بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر 20ارب 43کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جس سے پنجاب میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر 93ارب روپے خرچہوںگے۔ وزیراعلیٰ کے دفتر کے اخراجات میں 30فیصد کمی کی گئی ہے اور تمام محکموں کو بھی اپنے اخراجات میں 15فیصد کمی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔




وہ منگل کو ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور سیکریٹری خزانہ طارق باجوہ کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ چھوٹے کسانوں کو شمسی توانائی اور بائیو گیس سے چلنے والے ٹیوب ویلو ں کی فراہمی کیلیے 7.5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کل بجٹ کا 26 فیصد تعلیم اور 10.9فیصد صحت پر خرچ کیا جائے گا ، ضرورت پڑنے پر پنجاب میں نئے اسکول بنائے جائیںگے۔ دوکنال سے بڑے بنگلوں پر صرف لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ٹیکس لگایا جائے گا۔

بڑے گھروں پر ٹیکس اس وجہ سے نہیں لگایا کہ وہاں تحریک انصاف کو ووٹ ملے۔ بڑے گھروں پر سب سے زیادہ ٹیکس لاہور میں اکٹھا ہو گا جہاں ن لیگ نے کلین سوئپ کیا ہے ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہاکہ صوبے میں ترقیاتی کاموں پر 290ارب روپے خرچ ہوںگے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16فیصد زیادہ ہیں ۔ سادگی اور کفایت شعاری کو جاری رکھنے کیلیے ایک کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔
Load Next Story