کراچی میں بھی یوم القدس عقیدت و احترام سے منایا گیا

فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی، مقررین

جمعتہ الوداع كے موقع پر عالمی يوم القدس ريلی كی شركا خواتين ايم اے جناح روڈ پر دھرنا ديئے ہوئے ہيں۔ فوٹو محمد ثاقب/ایکسپریس

لاہور:
یوم القدس ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر '' مرکزی آزادی القدس ریلی'' نکالی گئی، ریلی کاآغاز بعد نماز جمعہ نمائش چورنگی سے ہواجوتبت سینٹرپرپہنچ جلسہ کے بعداختتام پذیرہوئی۔

ریلی کااہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا، شرکا ریلی نے تبت سینٹرپرپہنچ کرامریکی واسرائیلی پرچم نذرآتش کیے جبکہ امریکا اوراسرائیلی حکومتوں کے خلاف مذمتی قرادادیں بھی منظورکی گئیں، آئی ایس اوکے تحت منعقدہ اس ریلی کے اختتام پرتبت سینٹرپرمنعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ امریکا عالمی دہشت گرد ہے، القدس کی آزادی مسلح جد و جہد کے بغیر ناممکن ہے۔


فلسطین، فلسطینیوں کا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی، کراچی میں یوم القدس ریلی میں شرکت کرنے والے مسلمانوں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے اور اس واقعے کے شہدا کا شمار شہدائے ا لقدس میں ہوتا ہے، شرکائے القدس ریلی پر حملے میں امریکی و صیہونی ایجنٹ ملوث ہیں، بم حملے میں زخمی ہونے والوں کو زبردست خراج تحسین اورشہدائے یوم القدس کوئٹہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

جلسے سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا امین شہیدی،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، متحدہ علما محاذ کے سر پرست مولانا مرزا یوسف حسین، شیعہ علماکونسل کے رہنما مولانا ناظر تقوی، ہیت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا باقر زیدی اور مجلس ذاکرین امامیہ کے رہنماعلامہ آفتاب حیدر جعفری اور دیگر نے خطاب کیا۔
Load Next Story