کلفٹن سے ڈانس پارٹی کے نام پررقم بٹورنے والاملزم گرفتار

3 نومبرکوڈانس پارٹی میں شرکت کیلیے 25 ہزارروپے ٹکٹ رکھا گیا تھا، مخبرکو کلائنٹ بنایا گیا

3نومبرکوڈانس پارٹی میں شرکت کیلیے25ہزار روپے ٹکٹ رکھا گیا تھا،مخبرکوکلائنٹ بنایا گیا

بوٹ بیسن پولیس نے سوشل میڈیا پرغیراخلاقی سرگرمیوں کی تشہیرکرکے شہریوں سے رقم بٹورنے والے ملزم کوگرفتارکرلیا، دوسری کارروائی میں شہر کے پوش علاقے سے 2 منشیات فروشوں کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی گئی۔

اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے بتایاکہ بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن فیز4 خیبرہوٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پرغیراخلاقی سرگرمیوں کی تشہیرکرنے والے ملزم ارسلان قمر کو گرفتار کرلیا، گرفتارملزم ارسلان قمر نے فیس بک پرغیر اخلامی سرگرمیوں سے متعلق ایک پیج بنا رکھا تھا اوراس پیج کے تحت3 نومبرکو ایک پارٹی منعقد کی جانی تھی جس میں ڈی جیز(موسیقار)کو شرکت کرنی تھی اور کمروں کی بکنگ بھی کرائی جانی تھی اور پارٹی میں شرکت کے لیے 25 ہزار روپے ٹکٹ رکھا گیا تھا۔


گرفتارملزم ارسلان نے حقیقت میں ایسی کوئی پارٹی منعقد ہی نہیں کرانی تھی بلکہ ملزم نوجوان نسل سے رقم بٹورکر فرار ہوجاتا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیاہے کہ وہ فیس بک پر اس طرح کے پیج بناتا رہتا ہے اورعام شہریوں سے رقم بٹورنے کے بعد پیج ڈیلیٹ کردیتا ہے اوراپنی فیس بک ڈی ایکٹوکرکے نمبر تبدیل کردیتا ہے، ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ گرفتار ملزم شہریوں سے لوٹی جانی والی رقم ختم ہونے کے بعد پھر فیس بک پرکسی قسم کا کوئی پیج بناکے شہریوں کو لوٹنے کا منصوبہ بناتا ہے۔

ملزم کوگرفتارکرنے لیے پولیس نے اپنے ایک مخبرکواس کلائنٹ بنایا اور پولیس کے مخبر نے ملزم سے پارٹی میں شرکت کے لیے25 ہزار روپے کا ٹکٹ بھی خریدا اورجب پولیس کے مخبر نے فون کر کے پوچھاکہ پارٹی کب ہے تو ملزم نے کہاکہ کوئی پارٹی نہیں ہے اور آئندہ اس سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہ کیا جائے جس پرپولیس نے فوری طور پرچھاپہ مارکر اسے گرفتار کرلیا۔ ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ماضی میں4مرتبہ ڈانس پارٹیاں بھی منعقد کراچکا ہے اور گرفتار ملزم نے پارٹی میں شرکت کے لیے2شہریوں سے25، 25 ہزارروپے بھی لیے تھے جو پولیس نے چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے برآمد کر لیے اور ملزم سے اس کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ایس پی کلفٹن سہائی عزیز کا کہنا ہے کہ کلفٹن پولیس کوواضح ہدایت ہے کہ وہ کسی بھی شادی شدہ جوڑے کوتنگ نہیں کریں گے ان سے نکاح نامہ نہیں مانگیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے منشیات ڈیلر مہران شہزاد ولد محمد اسلم ، اور عبدالغیات ولد عبداللہ خان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ڈھائی کلو چرس برآمد کرلی ہے، گرفتار ملزم کلفٹن میں منشیات فروشی کے دھندے میں سرگرم تھے ، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی کلفٹن سہائی عزیزکے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے10 کم عمر موٹرسائیکل سواروں کوبجرم دفعہ 54/550 کے تحت حراست میں لے لیا جبکہ ساحل پولیس نے ون وہیلنگ کی خلاف ورزی کرنے والے 14 موٹرسائیکل سواروں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔
Load Next Story