نارتھ کراچی میں قلت آب عوام سڑکوں پر آگئے

یوپی موڑ، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی پردھرنے، ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی

سیکٹر الیون سی ، سر سید ٹاؤن ، الیون اے ، الیون بی، سیکٹر 8 اور دیگر میں کئی روز سے پانی نہیں آیا فوٹو:فائل

واٹربورڈ حکام کی نااہلی کے باعث نارتھ کراچی میں پانی کا بحران خوفناک شکل اختیارکرگیاہے۔ پانی کی عدم فراہمی سے تنگ علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل شہریوں نے نارتھ کراچی یوپی موڑ، ناگن چورنگی اور پاور ہاؤس چورنگی پراحتجاجاً دھرنا دے کرسڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی۔

جس کے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ واضح رہے کہ نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر الیون سی لطیف نگر،سر سید ٹاؤن ، سیکٹر الیون اے ، الیون بی، سیکٹر 8 ، 9اور10، سیکٹر الیون ای میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی فراہم معطل ہے۔

جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ 18 روز گزر جانے کے باوجود اب تک پانی فراہم نہیں کیا گیا ، پانی کی عدم فراہمی نے معمولات زندگی اجیرن بنا دی ہے ، بے حسی کی انتہا ہے کہ واٹر بورڈ حکام پانی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے بجائے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر آرام فرما رہے ہیں۔


احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ حکام کی ملی بھگت سے نارتھ کراچی کا پانی ویسٹ زون سپلائی کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نارتھ کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر پانی بحال نہ کیا گیا تو دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے اور اس وقت تک احتجاج کرتے رہے ہیں جب تک پانی بحال نہیں کردیا جاتا۔لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہفتوں کی قلت آب کی وجہ سے ہم ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔

جس کی وجہ سے ہمارا ماہانہ بجٹ بری طرح متاثر ہورہا ہے اور کوئی اس پر توجہ نہیں دے رہا۔ احتجاج اور ٹریفک جام کی اطلاع ملنے پرپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پولیس حکام نے احتجاجی مظاہرین سے بات چیت کی اور انھیں واٹر بورڈ حکام سے فوری طور پر نارتھ کراچی میں پانی کی فوری بحال کرانی کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منشتر ہو گئے اور بعدازاں پولیس نے ٹریفک کی روانی بحال کرادی۔

دوسری جانب ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں خشک سالی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع غربی کے علاقوں کو پانی کی فراہمی کا دورانیہ آج رات مکمل ہو گا،کل سے نارتھ کراچی کو مطلوبہ مکمل پریشر کے ساتھ پانی فراہم کیا جائے گا۔
Load Next Story