ٹھٹھہ عبداللہ شاہ اصحابیؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز

سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور زائرین کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں، خطاب

چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبداللہ شاہ اصحابی کے عرس کے افتتاح کے بعد دعا مانگ رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سندھ کے نامور بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی ؒ کا 374 واں 3 روزہ عرس شروع ہو گیا۔

چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبدالرحمان چنہ نے درگاہ پر چادر چڑھا کر عرس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیا اور درویشوں کی دھرتی ہے، جنہوں نے ہمیشہ پیار، محبت، امن اور اخوت کا درس دیا، ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں درگاہوں کا تقدس ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ۔




انہوں نے منیجر اوقاف ٹھٹھہ محمد نواز پٹھان کو ہدایت کی کہ عرس میں آنے والے زائرین اور عقیدتمندوں کو سیکیورٹی، پینے کے صاف پانی کے علاوہ دیگر سہولتیں ترجیحی بنیاد پر فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی درگاہیں امن کا مرکز اور قیمتی اثاثہ ہیں جن کا ادب و احترام اور زائرین و عقیدت مندوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔ اس موقع پر منیجر اوقاف نے چیف ایڈمنسٹریٹر کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور ٹوپی پیش کی۔
Load Next Story