کلفٹن کے سیل شدہ ریسٹورنٹ کے گودام پر چھاپہ زائد المیعاد گوشت برآمد

ضبط شدہ گوشت 2014 میں درآمد کیا گیا، استعمال کرنے کی آخری تاریخ 24 فروری 2015 تحریر ہے، ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی

فوڈ اتھارٹی نے اپنا ایک مخبر ریسٹورنٹ ’ایریزونا گرل‘ کی نگرانی کیلیے تعینات کیا، گودام سیل۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سندھ فوڈ اتھارٹی نے کلفٹن زم زمہ اسٹریٹ پر واقع مشہور سیل شدہ ریسٹورنٹ 'ایریزونا گرل' کے گودام پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر بڑی تعداد میں زائد المیعاد گوشت، مشروبات اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے کلفٹن زم زمہ اسٹریٹ پر واقع مشہور سیل شدہ ریسٹورنٹ کے گودام پر چھاپہ مارکر گودام میں موجود تقریبا 50 کلو سے زائد گوشت، مختلف مشروبات، جوس اور کھانے پکانے میں استعمال کیے جانے والے اجزا ضبط کر لیں۔

ڈائریکٹر آپریشن سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے کے نتیجے میں 2 کمسن بچوں کے جاں بحق اور والدہ کے بے ہوش ہونے کے واقعے کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی نے مذکورہ ریسٹورنٹ سے کھانے کے نمونے حاصل کرنے کے بعد ریسٹورنٹ کوسیل کر دیا تھا تاہم فوڈ اتھارٹی نے اپنا ایک مخبر24 گھنٹے ریسٹورنٹ کی نگرانی کیلیے تعینات کر دیا تھا اور منگل کو ان کے مخبر نے ریسٹورنٹ کے قریب مشکوک سرگرمیاں ہوتی دیکھ کر انھیں اطلاع دی جس پر وہ یہاں پہنچے تو ریسٹورنٹ کے قریب گلی میں قائم سیل شدہ ریسٹورنٹ کے گودام سے سوزوکی میں سامان منتقل کیا جا رہا تھا۔

اسی دوران انھوں نے کلفٹن پولیس کو موقع پر طلب کر لیا جبکہ انھیں دیکھ کر سوزوکی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ انھوں نے دوسرے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، پکڑا جانے والے شخص نے اپنے آپ کو ملازم بتایا ہے، گودام میں رکھے ڈیپ فریزرمیں بڑی تعداد میں گوشت موجود تھا اورگوشت خراب ہونے سے گودام میں بو بھی آ رہی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گودام سے بڑی تعداد میں زائد المیاد مشروبات برآمد کی گئی ہیں، گودام کے عملے نے ڈیپ فریزر کو خالی کرنے کے بعد برف اور دیگر فضلہ باتھ روم میں ضائع کردیا، انھوں نے بتایا کہ گودام میں موجود گوشت ، بوتلیں، مشروبات اور تمام سامان کے نمونے لیے جا رہے ہیں جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ گودام میں موجود گوشت دیگر زائد المیاد سامان کے نمونے حاصل کرنے کے بعد انھیں تلف کر دیا جائے گا۔


ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گودام میں چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں زائد المیاد گوشت برآمد کیا گیا جسے سوزوکی میں لوڈ کرنے کے بعد کسی دوسرے مقام پر منتقل کیا جا رہا تھا ، انھوں نے بتایا کہ سیل شدہ ریسٹورنٹ کو مبینہ طور پر زائد المعیاد گوشت استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، انھوں نے بتایا کہ نجی ریسٹورنٹ کی سیل نہیں توڑی گئی، کمسن بچوں کی اموات کے واقعے کے بعد ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اپنے گودام سے متعلق بات چھپائی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ابتدائی طور پر مختلف اشیا کے17 نمونے حاصل کیے تھے جن کی رپورٹ 2 ہفتے میں موصول ہوگی، علاوہ ازیںکلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 کمسن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، تحقیقاتی ٹیم نے بچوں کے گھر، ریسٹورنٹ، پلے لینڈ اور پوسٹ مارٹم کے بعد محفوظ کیے جانے والے اعضا کیمیائی تجزیے کیلیے پنجاب فارنسک سائنس ایجنسی بھجوا دیے۔

علاوہ ازیں ساحل پولیس نے کریک ویسٹا اپارٹمنٹ فیز 8 میں رہائش پذیر محمد احسان کی مدعیت میں ان کے 2 بیٹوں ڈیڑھ سالہ احمد اور 4 سالہ محمد کی ہلاکت کا مقدمہ نمبر 206/18 بجرم دفعات 322 اور 272/34 کے تحت درج کرلیا۔ مدعی نے بچوں کی ہلاکت کو چنکی منکی فوڈ اسٹال اور ایری زونا گرل ریسٹورنٹ کا مضر صحت کھانا کھانے کا سبب قرار دے کر شک کا اظہار کیا ہے۔

کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے 2 بچوں کے نانا محمد فاروق عبدالستار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے مطمئن ہیں اور پولیس ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انھوں نے اپیل کی کہ قیاس آرائیوں پر مبنی خبر وں سے اجتناب برتا جائے اس وقت ہم خود غم کی حالت میں ہیں۔

اس موقع پر بچوں کے والد احسان کا کہنا تھا کہ بچوں نے گھر آکر کینڈی فلاس کھایا تھا اور دودھ پیا تھا جسے وہ پہلے سے ہی پیتے آ رہے ہیں ، اس میں کوئی ایسی بات نہیں تھی۔

 
Load Next Story