صورتحال کے مطابق رائے کی تبدیلی یوٹرن نہیں عارف علوی

بلوچستان کے حقوق پر سودے بازی کرنیوالے پسماندگی کے ذمے دار ہیں، پانی، صحت، تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے، صدر

صدر مملکت کی کوئٹہ آمد، میڈیا سے گفتگو، وزیراعلیٰ، گورنر، ارکان اسمبلی کی ملاقات، قاسم سوری سے والدہ کے انتقال پر تعزیت۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ صورت حال کے مطابق رائے کی تبدیلی کو یوٹرن نہیں کہا جا سکتا۔

صدر مملکت عارف علوی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سے ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ بلوچستان میں پانی کا بڑا بحران ہے، صوبے کو پانی، صحت اور تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی ترجیح ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی بھی تھے۔


صدر نے کہا کہ صوبے کی پسماندگی کے ذمے دار وہ ہیں جنھوں نے صوبے کے حقوق پر سودے بازی کی، ماضی کے مقابلے میں ملک بھر میں دہشت گردی کی وار داتوں کا خاتمہ ہوا ہے، عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں امن و امان کے قیام کیلیے اقدامات کیے گئے۔

عارف علوی نے کہا کہ سیوریج کے پانی کو قابل استعمال بنانے کیلیے منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، گورنر سے بلوچستان میں یونیورسٹیز کے قیام پر بات ہوئی۔

بعد ازاں صدر مملکت سمیت مختلف وفاقی و صوبائی وزرا نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے گھر جاکران کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کی، تعزیت کرنے والوں میں اسپیکر اسد قیصر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور وفاقی وزرا اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر آبپاشی فیصل واوڈا اور دیگر نے ان کی کوئٹہ میں رہائش گاہ میں پہنچ کر تعزیت کی۔
Load Next Story