ارٹیریا پر 9 سال بعد اقوام متحدہ کی پابندیاں ختم

دونوں ملک امن معاہدے تک پہنچ گئے اور اس کے ساتھ ہی جبوتی کے ساتھ تنازعات بھی حل ہو گئے۔

دونوں ملک امن معاہدے تک پہنچ گئے اور اس کے ساتھ ہی جبوتی کے ساتھ تنازعات بھی حل ہو گئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نو سال بعد براعظم افریقہ کے ایک مسلم ملک ایریٹریا پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کر دی ہیں کیونکہ اس کا ایتھوپیا کے ساتھ طویل مناقشے کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جب کہ جبوتی کے ساتھ بھی اختلافات حل ہو گئے ہیں۔

ارٹیریا' ایتھوپیا اور جبوتی کے درمیان نئے معاہدوں کو ''ہارن آف افریقہ'' کے پورے خطے کے لیے بہت مفید پیش رفت کے مترادف قرار دیا گیا ہے کیونکہ اب خطے کے ان ممالک پر سے ہتھیاروں اور سفر کرنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ ایریٹریا اور ایتھوپیا نے اقوام متحدہ کے اس فیصلے کو سراہا ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس سے علاقائی استحکام کو فروغ ملے گا۔

واضح رہے ایتھوپیا اور ارٹیریا دو دہائیوں تک آپس میں برسرپیکار رہے ہیں تاہم چار ماہ قبل ان میں امن سمجھوتہ طے پا گیا تھا جس کے بعد ان کا تنازعہ ختم ہو گیا اور تیسرے افریقی ملک جبوتی کے ساتھ بھی ان کی صلح ہو گئی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 2009ء میں ایریٹریا پر پابندیاں عائد کر دی تھیں اور ان پر صومالیہ میں الشباب تخریب کاروں کی مدد کا الزام لگایا تھا مگر اسمارا کی طرف سے اس الزام کی سختی کے ساتھ تردید کی جاتی رہی۔


پابندیاں ختم کرنے پر جو قرار داد منظور کی گئی ہے اس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پابندیوں کی نگرانی کرنے والوں نے ایریٹریا کی طرف سے الشباب کی مدد کے کوئی شواہد نہیں دیکھے لہذا اب ایرٹیریا پر اسلحہ اور سفر کی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے حکام نے ایریٹریا حکومت کی طرف سے عوام پر تشدد کی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے نتیجے میں بھاری تعداد میں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر ملک سے نکل جانا پڑا۔ اقوام متحدہ کی تازہ قرارداد میں ارٹیریا اور ایتھوپیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کریں نیز باہمی تصادم میں جبوتی کے جو فوجی لاپتہ ہو گئے تھے۔ ان کو تلاش کر کے واپس لایا جائے۔

ارٹیریا پر اقوام متحدہ کی پابندیاں ختم ہونے کے امکانات اس وقت پیدا ہو گئے تھے جب ایتھوپیا اور ارٹیریا نے اپنے تنازعات حل کرنے کی طرف سنجیدہ پیش قدمی کی۔ بلآخر یہ دونوں ملک امن معاہدے تک پہنچ گئے اور اس کے ساتھ ہی جبوتی کے ساتھ تنازعات بھی حل ہو گئے' اب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ارٹیریا پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔

یوں ارٹیریا' ایتھوپیا اور جبوتی میں امن زیادہ مستحکم ہو گا اور وہاں تعمیر و ترقی کی رفتار بھی تیز ہو جائے گی' افریقہ کے ممالک باہمی جنگ و جدل' خانہ جنگی اور دہشتگردی سے بتدریج چھٹکارا پا رہے ہیں' ارٹیریا' ایتھوپیا' جبوتی' کینیا اور یوگنڈا تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہیں اور ان ممالک میں غیرملکی سرمایہ کار بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں افریقہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے جنت کی حیثیت اختیار کر جائے گا۔
Load Next Story