بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے شدید احتجاج

بجلی کے کم زیادہ وولٹیج سے شہریوں کے گھریلو آلات جل گئے ہیں جبکہ زینت اسکوائر کے اطراف بجلی کے تار بھی گرگئے

لیاقت آباد میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف مشتعل افراد سڑک پر ٹائر جلاکر احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

LONDON:
کے ای ایس سی کی جانب سے منگل کو بھی شہر میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی شدید گرمی میں شہری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے بلبلا کر رہ گئے۔

ایف سی ایریا لیاقت آباد میں اوورلوڈنگ کے باعث کے ای ایس سی کا سب اسٹیشن ٹرپ کرگیا جس سے شہری 24 گھنٹے سے زائد بجلی سے محروم رہے، بجلی کی بندش پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے، منگل کو شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور شہر کے مختلف علاقوں لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد ، نارتھ کراچی، ڈالمیا، طارق روڈ، شیریں جناح کالونی، کیماڑی، سائٹ، شیرشاہ، ماڑی پور، شیرپاؤ کالونی، شاہ فیصل کالونی، ملیر کھوکھراپار، رضویہ سوسائٹی، پاک کالونی، چاکیواڑہ، لیاری ، برنس روڈ، ایمپریس مارکیٹ، پاکستان چوک، کھارادر، محمودآباد، کورنگی، قائدآباد، لانڈھی، گلستان جوہر، گلشن اقبال ، پاپوش نگر سمیت مختلف علاقوں میں 4 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔

جس کے باعث شہریوں خصوصاً گھروں میں خواتین، بچوں اور ضعیف افراد کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لیاقت آباد ایف سی ایریا کے مکینوں کے مطابق پیر کی سہہ پہر 3 بجے لوڈ شیڈنگ کے دوران سب اسٹیشن سے سرکٹ چوری ہوگیا کے ای ایس سی کے عملے نے نیا سرکٹ لگاکر بجلی بحال کردی تاہم اوورلوڈنگ سے نیا سرکٹ ٹرپ کرگیا، شہریوں نے پوری رات اذیت میں گزاری منگل کو رات گئے تک بجلی بحال نہیں ہوئی تھی، بجلی کے کم زیادہ وولٹیج سے شہریوں کے گھریلو آلات جل گئے ہیں جبکہ زینت اسکوائر کے اطراف بجلی کے تار بھی گرگئے، کے ای ایس سی رات میں تین تین مرتبہ لوڈشیڈنگ کررہی ہے جس سے شہری راتیںجاگ کر گزار رہے ہیں، شکایتی مراکز شکایات نہیں سن رہے ہیں۔




لیاقت آباد میں 20 گھنٹے سے بجلی غائب ہے ،ایف سی ایریا کے مکین پیر کی شب کے ای ایس سی کے سب اسٹیشن سے تار چوری کیے جانے کے باعث منگل کو بھی بجلی سے محروم رہے، کے ای ایس سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اوورلوڈنگ سے سسٹم میں خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں لیاقت آباد سپرمارکیٹ میں انڈرگراؤنڈ کیبل کی مرمت کے باعث بجلی کا شٹ ڈاؤن کیا گیا تھا، فالٹس ڈھونڈ کر بجلی بحال کردی گئی ہے،منگھوپیر کے مختلف گوٹھوں میں رات کے اوقات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی دستیاب نہ ہونے سے ان کے معمولات زندگی متاثر ہیں، گھروں میں خواتین اور بچے شدید پریشان ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے،لیاقت آباد 9نمبر ، نیرنگ سینما ، سپر مارکیٹ ، ڈاکخانہ اور کریم آباد کے شہری بجلی کی عدم فراہمی پر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا، لیاقت آباد نیرنگ سینما پر مظاہرے سے ٹریفک معطل ہوگیا ، سپر مارکیٹ تھانے کے قریب بھی شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے اگر علاقے میں بجلی کی چوری کی شکایات ہیں تو مخصوص لوگوں کی ہی بجلی بند کی جانی چاہیے مظاہرے کے دوران سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے گئے،مظاہروں کے باعث کریم آباد اور لیاقت آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
Load Next Story