شاہ رخ جتوئی کو بیرون ملک فرار کرانیوالے ملزم کی ضمانت منظور

خرم نے جعل سازی کرتے ہوئے شاہ رخ کو امیگریشن اسٹیمپ لگائے بغیر فرار کرایاتھا

ایف آئی اے نے ملزم کیخلاف چالان جمع کرایا،جھوٹے کیس میں ملوث کیا گیا،وکیل فوٹو: فائل

SUKKUR:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن انچارج جج صدف آصف نے شاہ زیب قتل کیس میں سزا یافتہ شاہ رخ جتوئی کو جعل سازی اور دھوکادہی کے ذریعے بیرون ملک فرار کرانے کے اعانت جرم میں ملوث محمد خرم کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری3جولائی تک ایک لاکھ روپے میں منظور کرلی ہے۔

فاضل عدالت نے توثیق کی درخواست پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیے ہیں اور مقدمے کے تفتیشی افسر سے پولیس فائل طلب کرلی ہے، استغاثہ کے مطابق چالان میں ملزم پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ26 دسمبر کی رات کو بیرون ملک فرار ہونے سے قبل مقدمے میں شریک ملزمان وصی اختر اور محمد سلطان سے مسلسل موبائل فون پر رابطے میں تھا جنھوں نے یقین دلایا تھا کہ وہ ملزم شاہ رخ جتوئی کوامیگریشن کرائے بغیربیرون ملک فرار کرائیں گے۔




وقوعے کے روز مذکورہ منصوبے پر ملزمان نے عمل درآمد کرتے ہوئے شاہ رخ جتوئی کو امیگریشن اسٹیمپ لگائے بغیر فرار کرایا تھا اور ملزم شاہ رخ جتوئی نے مذکورہ ملزم کے ہمراہ سفر کیا تھا، ایف آئی اے حکام نے 19مارچ 2013 ملزمان کے خلاف حتمی چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔

چالان میں مذکورہ ملزم کوضابطہ فوجداری کی ایکٹ 512 کے تحت مفرور قرار دیا گیا تھا، بعدازاں ملزم نے عدالت عالیہ سے اپنی حفاظتی ضمانت منظور کرائی تھی جبکہ عدالت نے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی، قبل ازیں ملزم کے وکیل شوکت حیات نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل کو ایف آئی نے جھوٹے کیس میں ملوث کیا ہے، وہ قانونی تقاضے پورے کرکے شیڈول کے مطابق بیرون ملک گئے تھے، ان کا پاسپورٹ جعلی ہے اور نہ ہی پاسپورٹ میں کسی قسم کی تصویر تبدیل کی گئی ہے، اس موقع پر پاسپورٹ اور قانونی تقاضے مکمل کرنے سے متعلق شواہد عدالت میں پیش کیے گئے۔
Load Next Story