اینٹی کرپشن افسران کارکردگی سے تحریری طور پر آگاہ کریںمنظور وسان

ایسی ٹیم چاہیے جو دیانت داری سے فرائض انجام دے،صوبائی وزیر انسداد بدعنوانی

ایسی ٹیم چاہیے جو دیانت داری سے فرائض انجام دے،صوبائی وزیر انسداد بدعنوانی فوٹو: فائل

صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی (اینٹی کرپشن) اور معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن میں کسی قسم کی کوتاہی اور بدعنوانی کی شکایت کو قطعاً برداشت نہیں کیاجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ وہ محکمے کی صورت حال سے آگاہ ہیں، خراب کارکردگی اور خراب شہرت کے حامل کسی افسر یا اہلکار کو ہرگز معاف نہیں کیاجائے گا، وہ محکمہ انسداد بدعنوانی کے افسران کے اجلاس سے اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں خطاب کررہے تھے، منظور وسان نے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی اب تک کی کارکردگی کی تحریری رپورٹ پیش کریں، انھوں نے افسران پر واضح کیا کہ انھیں دیانتدار ٹیم درکار ہے جو کسی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فرائض انجام دے ۔




جبکہ افسران کی کارکردگی کو خود مانیٹر کریں گے، اس سے قبل اجلاس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ غلام حسین میمن، ڈائریکٹر انکوائریزI عبدالستار جتوئی اورڈائریکٹر انکوائریزIII محمد علی شاہ نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی، یاد رہے کہ منظور وسان سے جیل خانہ جات کی وزارت واپس لے کر انھیں محکمہ اینٹی کرپشن اور معدنیات و معدنی ترقی کا وزیر بنایا گیا ہے، دریں اثنا سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں منظور وسان نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں پاکستان میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوں گی اور ان تبدیلیوں سے پاکستان کے عوام کو خوشیاں ملیں گی، آئین کے آرٹیکل6 کے تحت کارروائی ہوگی، ان تبدیلیوں کی وجہ سے ہم پڑوسی جمہوری ممالک کے ہم پلہ ہوجائیں گے۔
Load Next Story