ہائیکورٹ کے ججز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ

غیر معمولی فل کورٹ اجلاس، شہر میں ڈیجیٹل سرویلنس کانظام نصب کیا جائے

اجلاس میں ججز کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار اور ہائیکورٹ کے ججز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیاگیا. فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ کے فل کورٹ اجلاس نے جج جسٹس مقبول باقر سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو عدالت عالیہ کے تمام ججز کوبلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی کا جائزہ لینا چاہیے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مشیر عالم نے کہا ہے کہ بظاہرحکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے سنجیدہ نہیں،موت کی سزا پانے والے دہشت گردوں کوپھانسی نہ دیکر بے جا رعایت دی جارہی ہے، بدھ کی سہ پہر چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر پر حملے کے حوالے سے کمیٹی روم میں غیر معمولی فل کورٹ اجلاس ہوا جس میں جسٹس فیصل عرب،جسٹس سجاد علی شاہ،جسٹس عقیل احمد عباسی،جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس عرفان سعادت خان سمیت11ججز،رجسٹرار عبدالمالک گدی اور ممبر انسپیکشن ٹیم فہیم صدیقی نے شرکت کی۔

اجلاس میں جسٹس مقبول باقر کا قافلے پر دھماکے کی مذمت اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں ججز کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار اور ہائیکورٹ کے ججز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیاگیا، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر سزائے موت کے قیدیوں کی سزائوں پر عمل درآمد ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی،انھوں نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ میں ڈیجیٹل نگرانی کا نطام قائم کیاگیا ہے امید ہے یہ نظام شہر بھر میں نصب کیا جائے گا۔




چیف جسٹس نے کہا کہ جی ایس ایم لوکیٹرزکے نظام کی عدم موجودگی بھی جرائم میں اضافے کی بڑی وجہ ہے ،دریں اثناء چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم برادر جج جسٹس مقبول باقر پر حملے اور ان کے زخمی ہونے کی اطلاع پاکر اپنا دورہ گلگت بلتستان منسوخ کرکے اسلام آباد سے واپس آگئے۔

وہ چیف جسٹس گلگت بلتستان کی دعوت پر دورے پر جانے کے لیے منگل کی شب کراچی سے اسلام آباد گئے اور صبح دس بجے کی پرواز سے انھیں گلگت روانہ ہونا تھا، وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بورڈنگ کارڈ حاصل کرچکے تھے تاہم جونہی انہیں اپنے ساتھی جج پر حملے کی اطلاع ملی وہ اپنا دورہ منسوخ کرکے فوری کراچی آئے اور سیدھے آغاخان اسپتال پہنچے،انھوں نے بدھ کو مصروف دن گزارا۔
Load Next Story