لاہور میں شاہد آفریدی اور عبدالرحمان کے فٹنس ٹیسٹ

دیگر کے آج ہوں گے، واٹمور نے عمر اکمل کو بولنگ مشین کی مدد سے پریکٹس کرائی

دیگر کے آج ہوں گے، واٹمور نے عمر اکمل کو بولنگ مشین کی مدد سے پریکٹس کرائی۔ فوٹو: فائل

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا لاہور میں آغاز ہو گیا، گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سابق کپتان شاہد آفریدی اور اسپنر عبدالرحمان کے بیپ ٹیسٹ لیے گئے۔

اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے رکن اظہر خان، چیف کوچ ڈیو واٹمور سمیت این سی اے کے ٹرینرز موجود تھے۔حارث سہیل، صہیب مقصود، رضا حسن، محمد رضوان، عثمان قادر،ناصر جمشید اور عمر اکمل سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ جمعرات کی دوپہر کو شیڈول ہیں۔چیمپئنز ٹرافی کے بعد انگلینڈ میں ہی موجود کپتان مصباح الحق سمیت ناصر جمشید، محمد حفیظ، سعید اجمل، وہاب ریاض، محمد عرفان اور محمد جنید کو فٹنس ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ شیڈول دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کر لیا تھا، بعدازاں سلیکٹرز کی قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات ہوئی۔




ماضی کے بورڈ سربراہان کے برعکس موجود بورڈ چیف نے اقبال قاسم کی زیرسربراہی کام کرنے والی کمیٹی کو ٹف ٹائم دیا اور منجھے ہوئی صحافی کی طرح سوالات کی بوچھاڑ دی، اس میٹنگ کے بعد سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا ارادہ کیا۔ دوسری جانب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، عمر اکمل، عدنان اکمل، احمد شہزاد اور وہاب ریاض نے چیف کوچ ڈیو واٹمور کی نگرانی بھرپور ٹریننگ کی۔

غیر ملکی کوچ نے عمر اکمل کی بیٹنگ میں نکھار لانے اور جلد بازی میں وکٹ گنوانے کی خامی سے جان چھڑانے کے لیے انھیں بولنگ مشین کی مدد سے پریکٹس کرائی۔
Load Next Story