واٹر کمیشن کا واٹر بورڈ کو ٹینکر کی قیمت نہ بڑھانے کا حکم

بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی قلت اورہائیڈرنٹ سے پانی فراہمی میں اضافے سے متعلق ہر2 ہفتے میں رپورٹ دی جائے،جسٹس امیرہانی مسلم

پہاڑ گنج میں پانی کے بحران پر چیئرمین بلدیہ وسطی طلب، سب شہری برابر ہیں غیرمسلم کو بھی مساوی پانی ملنا چاہیے، کمیشن سربراہ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
واٹر کمیشن نے بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی قلت اور ہائیڈرنٹ سے پانی فراہمی میں اضافے سے متعلق ہر دو ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پہاڑ گنج اور ملحقہ علاقوں میں پانی کے بحران پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو 27 نومبر کو طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر قائم واٹر کمیشن کی کارروائی سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی ہوئی کمیشن کے سامنے بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی شدید قلت اور ہائیڈرنٹ سے پانی کی فراہمی میں اضافے کا معاملہ پیش کیا گیا ، واٹر بورڈ کے افسر نے بتایا کہ کمیشن کے حکم کے بعد ہائیڈرنٹ کو مجموعی طور پر917 ملین گیلن پانی ملا ہے۔


ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ کمیشن کے حکم پر واٹر ٹینکر کی قیمت کم کردی گئی ہے کمیشن سربراہ نے بلدیہ ٹاؤن ہائیڈرنٹ سے پانی فراہمی کی رپورٹ ہر 2 ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے واٹر ٹینکر کی قیمت نہ بڑھانے کا حکم برقرار رکھا۔

واٹر کمیشن کے روبرو پہاڑ گنج اور ملحقہ علاقے میں پانی کے بحران سے متعلق معاملہ پیش کیا گیا مکینوں نے کمیشن کو بتایا پہلے روز پانی ملتا تھا اب 18 دن بعد ملتا ہے ہمارے ساتھ متعصبانہ رویہ اپنایا گیا اور پانی روک دیا گیا کمیشن کے سربراہ نے ریماکس دیے میری نظر میں سب شہری برابر ہیں کوئی غیر مسلم بھی ہے تو اسے بھی مساوی پانی ملنا چاہیے۔ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو 27 نومبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔

کمیشن کے سامنے کلفٹن بلاک ون کے رہائشی نے ایڈووکیٹ جی ایم بھٹو کے توسط سے دائر درخواست میں کہاکہ بلاک 2 میں پانی کی فراہمی وافر مقدار میں ہے لیکن بلاک ون میں3 سال سے پانی نہیں آرہا، کمیشن کے سربراہ نے واٹر بورڈ حکام شہری کی شکایت دور کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Load Next Story