پاک بھارت راؤنڈ ٹیبل ستمبر میں منعقد ہوگی

نان ٹیرف رکاوٹیں ہٹانے کیلیے تجاویز پر غورہوگا، بھارتی وفدکی فیڈریشن ہاؤس آمد پر فیصلہ

بھارت میں پاکستانی فیشن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی بہت طلب ہے،ڈاکٹر نشا تنیجا۔ فوٹو: فائل

LONDON:
انڈین کونسل فار ریسرچ آن انٹرنیشنل اکنامک ریلیشنز (آئی سی آر آئی ای آر) اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سے پاک انڈیا تجارتی تعلقات کے موضوع پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس ستمبر 2013 میں کراچی میں منعقد ہوگی۔

اس بات کا فیصلہ آئی سی آر آئی ای آر کے وفد کے فیڈریشن ہاؤس کے دورے کے موقع پر کیا گیا، وفد میں ڈاکٹر نشا تنیجا، سنجنا جوشی اور سمردھی بیمال شامل تھے۔ بھارتی وفد کے اراکین نے کہا کہ گزشتہ سال لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا لاہور میں انعقاد کیا گیا تھا اور کراچی میں ستمبر میں ہونے والی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔




کراچی میں ہونے والی راؤنڈ ٹیبل میں پاک بھارت تجارت میں درپیش نان ٹیرف رکاوٹوں کے نشاندہی اور خاتمے کے لیے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ وفد کی سربراہ ڈاکٹر نشا تنیجا نے کہا کہ بھارتی تاجر پاکستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بہت پرامید ہیں، بھارت میں پاکستانی فیشن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی بہت طلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر میں ہونے والی راؤنڈ ٹیبل میں دونوں ملکوں کے تاجروں کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا جائے گا، پاک بھارت راؤنڈ ٹیبل ستمبر میں ہونے والی ایکسپو پاکستان نمائش کے موقع پر منعقد ہوگی جس میں ریجنل چیمبر آف کامرس کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
Load Next Story