برطانوی کمپنی کی کندھ کوٹ میں بجلی گھر قائم کرنے میں دلچسپی

اورین انرجی، پی پی ایل کیساتھ انڈس بلاک ومکران میں تیل ڈھونڈنے کیلیے اسٹڈی بھی کریگی

دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کردیے۔ فوٹو: فائل

برطانوی کمپنی اورین انرجی نے کندھ کوٹ میں گیس سے چلنے والے بجلی گھر کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ کمپنی پی پی ایل کے ساتھ مل کر انڈس بلاک اور مکران میں زیر سمندر تیل کی تلاش کے لیے اسٹڈی بھی کرے گی۔

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور برطانوی کمپنی اورین انرجی نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں کمپنیاں انڈس بلاک اور مکران میں زیرسمندر تیل کی تلاش کیلیے مشترکہ اسٹڈی کریں گی۔معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جہاں پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او عاصم مرتضی خان اور اورین انرجی کے ڈائریکٹر ڈیوڈ ایم تھامس نے معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن اور وزارت پٹرولیم کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔




معاہدے کے مطابق پی پی ایل اور اورین انرجی مشترکہ طور پر انڈس بلاک اور مکران میں ہائیڈرو کاربن کی تلاش کیلیے اسٹڈی کریں گی ، دونوں کمپنیاں ٹیکنیکل پارٹنر کے طور پر انڈس بلاک اور مکران میں مل کر کام کریں گی جبکہ اسٹڈی کے بعد ایکسپلوریشن پر بھی کام کیا جائیگا جس پر 10 کروڑ سے زائد امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی، اورین انرجی نے اس کے علاوہ پی پی ایل کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت گیس سے چلنے والے بجلی گھر کی تعمیر میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جہاں کندھ کوٹ سے حاصل ہونے والی گیس استعمال کی جائے گی۔

منصوبے کے مطابق کندھ کوٹ گیس فیلڈ کے نزدیک ابتدائی طور پر 25 تا 50 میگاواٹ کا گیس پاور پلانٹ لگایا جائیگا جس کے لیے پی پی ایل5 تا 10 ایم ایم سی ایف گیس فراہم کرے گی، اس ضمن میں پی پی ایل اور اورین انرجی کے درمیان گیس سیلز ایگریمنٹ بھی جلد کیا جائے گاجبکہ کندھ کوٹ فیلڈ سے اضافی 40 تا 45 ایم ایم سی ایف گیس فراہمی پر اس پلانٹ کی پیداواری استعداد کو 250 میگاوٹ تک لے جانے کا بھی منصوبہ ہے۔
Load Next Story