ٹارگٹ کلنگ اور دستی بم حملوں میں اضافہ مکینوں میں خوف

ہلاکتوں نے پولیس کی جانب سےرمضان المبارک میںشہریوںکی جان ومال کےتحفظ اورامن وامان کےبلند وبانگ دعوؤں کا پول کھول دیا۔

جمعہ کو2گھنٹوں کے دوران10افراد کی ہلاکت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اعلیٰ افسر کی پیشہ وارانہ کارکردگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

ایس ایس پی سینٹرل کی ناقص کارکردگی اور غیر ذمے دارانہ حکمت عملی کے باعث ڈسٹرکٹ سینٹرل میں قتل و غارت گری ، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دستی بم حملوں میں تشویشناک حد تک اضافے نے مکینوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے ، قتل و غارت گری کی پے در پے وارداتوں اور دستی بم حملوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں امن و امان کے دعوؤں کی قلعی کھول دی،ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کسی بھی ملزم کو نہ صرف رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے میں ناکام رہی بلکہ ملزمان کا سراغ لگانے میں بھی ناکام رہی۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ایس ایس پی سینٹرل کے عہدے پر تعینات عاصم قائمخانی کی ناقص کارکردگی، غیر ذمے دارانہ حکمت عملی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فقدان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مکینوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کیا ہوا ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں جمعہ کو 2 گھنٹوں کے دوران10افراد کی ہلاکت نے پولیس کی جانب سے رمضان المبارک میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے بلند و بانگ دعوؤں کا پول کھول دیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اعلیٰ افسر کی پیشہ وارانہ کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جمعہ کی رات فیڈرل بی ایریا بلاک 17 میں واقع مسجد تقویٰ سے متصل مدرسے کے دفتر میں گھس کر 2 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کرنے کی واردات کے بعد احتجاج پر قابو پانے کیلیے پورے ڈسٹرکٹ سینٹرل کی پولیس نفری کو طلب کرلیا جس کے باعث دیگر علاقوں میں پولیس موبائلوں اور نفری کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یکے بعد دیگرے خواجہ اجمیر نگری اور سرسید ٹاؤن میں فائرنگ کر کے 10 افراد کو زندگی سے محروم کر دیا گیا۔
Load Next Story