گینگ وار کی فائرنگ سے جاں بحق فیروز احمد سپرد خاک

علاقہ دوسرے روز بھی سوگ میں ڈوبا رہا، کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر، مکین افسردہ

علاقہ مکینوں نے سول اسپتال میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی۔ فوٹو : ایکسپریس

کھارادر میں مہران بیکری کے قریب لیاری گینگ وار کے کارندوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شیخ افراز عرف فیروز کو سپرد خاک کردیا گیا۔

اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی کھارادر کا علاقہ دوسرے روز سوگ میں ڈوبا رہا، کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق دیکھنے میں نہیں آئیں، جمعہ کو کھارادر مہران بیکری کے قریب لیاری گینگ وار کے درجنوں ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ ایک درجن افراد زخمی ہوگئے تھے، ہلاک ہونیوالوں میں 30 سالہ فیصل لاٹ، 40 سالہ فضل مولیٰ ، 45 سالہ فاطمہ اور 30 سالہ فیروز احمد شامل تھے ، مقتول فیروز احمد کی نماز جنازہ ہفتہ کو شیرشاہ میں ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع جامع مسجد طور میں ادا کی گئی اور انھیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔




اس موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، مقتول 3 بچوں کا باپ اور 7 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، مقتول شیرشاہ گلی نمبر 38 کا رہائشی تھا، مقتول اسٹیج فنکار نسیم عرف وکی کا برادر نسبتی تھا۔ علاوہ ازیں واقعے کے باعث کھارادر کا علاقہ سوگ میں ڈوبا رہا، علاقے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر رہیں، زیادہ تر دکانیں بند رہیں اور کسی قسم کی گہما گہمی دیکھنے میں نہیں آئی، علاقہ مکین بھی افسردہ دکھائی دیے،علاقہ مکینوں نے سول اسپتال میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی۔
Load Next Story