سندھ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا گورنر
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملکی اور غیر ملکی ماہرین تعلیم ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے ہائر ایجوکیشن کے ادارے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کام کررہے ہیں۔
سندھ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ان اداروں سے فارغ التحصیل طالب علم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کررہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک دہائی میں ان اداروں کی تعداددگنی ہوگئی ہے جبکہ طلبا کی تعداد میں بھی کئی گناہ اضافہ ہوا ہے اس وقت سندھ بشمول کراچی کی کئی جامعات دنیا کی مشہور جامعات کے ساتھ منسلک ہیں جس سے طالب علم دونوںممالک کی تعلیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ جو طالب علم پاکستان سے پڑھ کر اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک گئے انھوں نے اپنی صلاحیتوں اور ہنر سے پاکستان کا نام روشن کیا اور یہ بات واضح کردی کہ پاکستانی طلبا صلاحیتوں میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہاں کی جامعات میں وسائل کی کمی کے باعث تحقیق کا وہ ماحول بنانے میں مشکلات درپیش ہیں جوکہ دنیا کی مشہور جامعات میں موجود ہے جن کا بجٹ پاکستان کے کل بجٹ سے بھی زائد ہے جس سے وسائل کی کمی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ، یہ بات گورنر سندھ نے پرو وائس چانسلر عمر فاروق کی سربراہی میں آئے ہوئے 5 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
جس میں نارتھ کیرولینا یو ایس اے سے آئے ہوئے صحت و تعلیم کے ماہرین بھی شامل تھے ،گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے بہت قلیل عرصے میں بے پناہ ترقی کی ہے۔
جس وقت انھوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کو ڈاؤ یونیورسٹی میں تبدیل کیا تھا اس وقت صرف 3 انسٹیٹیوٹ اس سے ملحق تھے اور اب ان کی تعداد24سے زائد ہوگئی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، انھوں نے کہا کہ دوسری جامعات میں بھی ترقی ہوئی ہے لیکن ڈاؤ یونیورسٹی نے مثالی ترقی کی ،اس موقع پر نارتھ کیرولینا سے آئے ہوئے فل برائٹ اسکالر شپ کے نمائندے مسٹر ٹریپ نے گورنر سندھ کو بتایا کہان کے ادارے سے دیے گئے اسکالر شپس سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلبا نے فائدہ اٹھایا ہے ، انھوں نے بتایاکہ یہ اسکالر شپ زیادہ ترپوسٹ گریجویٹ،ڈاکٹریٹ اور تحقیق کے دیگر مقالوں کے لیے دی جاتی ہے اور اس سے استفادہ حاصل کرنے والے پاکستانی طالب علموں میں اضافہ ہوتا رہاہے ،گورنر سندھ نے کہا کہ اگر طالب علموں کو اسکالر شپ کے بارے میںصحیح آگاہی حاصل ہو تو بہت سارے معیاری طالب علم جو استطاعت نہیں رکھتے ہیں انھیں فائدہ اٹھانے میں آسانی ہو سکے گی ۔