دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا کامیاب انعقاد

ایڈیٹوریل  ہفتہ 1 دسمبر 2018
پاکستان نے دفاعی مصنوعات کی تیاری میں جس انداز میں ترقی کی ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔  فوٹو: ایکسپریس

پاکستان نے دفاعی مصنوعات کی تیاری میں جس انداز میں ترقی کی ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 جمعہ کو جدید ہتھیاروں کی نمائش اور مسلح افواج کی شاندار صلاحیتوں کے مظاہرے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ نمائش کے تیسرے روز سی ویو پر پاک فضائیہ اور بحریہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا‘ ایف سولہ‘ جے ایف 17اور سپر مشاق نے اس مظاہرے میں حصہ لیا‘ پاکستان نے ڈرون طیارہ براق عالمی سطح پر فروخت کے لیے پیش کر دیا یہ 12ہزار فٹ کی بلندی سے مسلسل 8گھنٹے نگرانی کر سکتا ہے۔

کراچی ایکسپو سنٹر کے احاطے میں رکھے گئے پاکستانی ساختہ الخالد‘ الضرار‘ الحدید ٹینکس جب کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے حامل شہپر‘ براق اور عقاب سمیت جے ایف 17تھنڈر اور سپر مشاق طیاروں میں غیرملکی مندوبین اور عسکری قیادت نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا‘ پاکستانی انجینئرز کی جانب سے مینول سے خود کار سسٹم میں تبدیل کیا جانے والا پاکستانی ساختہ ایئر ڈیفنس سسٹم بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پاکستان نیوی کو آئیڈیاز 2018کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز سے نہ صرف یہ کہ ہمیں خاص طور پر دفاع کے شعبے میں ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی ترقی دیکھنے کا موقع ملا بلکہ اس سے باہمی تجارت اور تعاون کی فضا کو بھی فروغ حاصل ہوا۔

پاکستان کا محکمہ دفاع اور دفاعی پیداوار کے ادارے 2000 سے اس بین الاقوامی نمائش کا انعقاد کر رہے ہیں جو ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے۔ رواں سال اس نمائش میں 50ممالک کی 500کے قریب کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ سابق سیکریٹری دفاع آصف یاسین ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک میں اسلحہ سازی کے میدان میں سب سے بڑا ملک ہے جو بھاری اسلحے کے علاوہ چھوٹے ہتھیار اور دفاعی مواصلات کا نظام بناتا ہے۔

پاکستان نے دفاعی مصنوعات کی تیاری میں جس انداز میں ترقی کی ہے وہ یقینا قابل ستائش ہے۔ اس وقت امریکا اور یورپ کی ترقی میں دفاعی مصنوعات کے علاوہ ٹیکنالوجی کی دیگر مصنوعات کا کلیدی کردار ہے۔

امریکا صرف اسلحے کی فروخت سے ہر سال اربوں ڈالر کماتا ہے۔ پاکستان کو بھی اپنی معیشت کو مضبوط تر بنانے کے لیے دفاعی میدان میں مزید آگے بڑھنا ہو گا‘ پاکستان اپنی دفاعی مصنوعات کو جدید تر بنا کر عالمی منڈی میں پیش کرے تو امریکا کے مقابلے میں سستی ہونے پر اس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس طرح پاکستان کو خطیر زرمبادلہ حاصل ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔