کراچی میں رات گئے مختلف علاقوں میں بارش بجلی کی آنکھ مچولی

دن میں بیشتر علاقوں میں بوندا باندی، رات میں تیز بارش، سڑکوں پر پانی جمع، اندازوں سے بڑھ کر بادل برسے؛ محکمہ موسمیات

بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، شکایت کی صورت میں 118 پر رابطہ کریں، ترجمان کے الیکٹرک

لاہور:
کراچی میں صبح کے اوقات میں ہونے والی بارش کا سلسلہ دوپہر کو رکا لیکن مختلف علاقوں میں اتوار کی رات تیز بارش نے موسم خوشگوار مگر سرد کردیا۔کئی علاقوں میں بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق اندازوں سے بڑھ کر بارش ہوئی۔

رات کو گلستان جوہر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد ، بہادرآباد،گلشن اقبال،کورنگی، نشتر روڈ، لیاقت آباد، لسبیلہ میں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات ہیڈکوارٹر اسلام آباد کی جانب سے 7 دسمبر کو موسم سرما کی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی جس میں 10 دسمبر کو ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم محکمہ موسمیات کراچی کی جانب سے شہر میں بارشوں کی مسلسل نفی کی جاتی رہی،اور صرف بونداباندی کی پیش گوئی کی گئی مگر گذشتہ رات ہونے والی بارش نے محکمہ موسمیات کراچی کے اندازے غلط ثابت ہوئے۔

اس سے قبل اتوار کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بونداباندی اور کہیں ہلکی بارش ہوئی،بارش کی وجہ سے موسم خنک ہوگیا،شہر کے علاقوں کلفٹن ،ڈیفنس میں ہلکی بارش جبکہ گلستان جوہر،گلشن شاہ فیصل کالونی ،لانڈھی،پہلوان گوٹھ اور اولڈ سٹی ایریا میں بونداباندی ہوئی،چند ایک علاقوں میں بارش یا بونداباندی نہیں ہوئی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ہونے والی بارش مقرر کردہ پیمانوں کے اعتبار سے کم رہی اس لیے ملی میٹر میں کوئی ریکارڈ نہیں بن سکا ،تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بونداباندی کا مزید امکان ہے، اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ زیادہ سے زیادہ28.5 ریکارڈ ہوا۔رات گئے تک محکمہ موسمیات کی جانب سے ملی میٹر کی تفصیلات جاری نہیں گئی۔

بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ، اتوار کی شب ہونے والی بارش نے ایک مرتبہ پھر شہریوں کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنے پر مجبور کردیا ، بارش ہوتے ہی گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، نارتھ کراچی ، ملیر ، قائد آباد ، شاہ فیصل کالونی ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی جبکہ کئی مقامات پر جزوی طور پر منقطع رہی ، اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک کا عملہ 24گھنٹے موجود ہے ۔

شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کریں ، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں شہری احتیاط کریں ، ٹوٹے ہوئے تاروں ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں جبکہ برقی آلات کو گیلے ہاتھوں کے ساتھ استعمال نہ کریں ، کے الیکٹرک نے متنبہ کیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی ہرگز حاصل نہ کی جائے۔
Load Next Story