شاہد کپور کی فلم میں کام کرنیوالا کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید

سرینگر: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی فلم’حیدر‘ میں اداکاری کرنے والے کشمیری نوجوان ثاقب بلال کو بھارتی فوج نے بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوجوانوں ثاقب بلال شیخ اور مدثر رشید کو شہید کردیا۔ نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں نے بھارتی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ثاقب بلال نے 2014 میں  بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی فلم ’حیدر‘ میں اداکاری کی تھی۔ شہید ہونے والے دونوں نوجوان فٹبال کھیلنے کے شوقین تھے اور ہاجینز عید گاہ میں اکثر فٹبال کھیلتے تھے۔ اسی گراؤنڈ میں دونوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

ثاقب بلال فٹبال کھیلنے کے ساتھ بہت ذہین طالبعلم بھی تھا، اس نے میٹرک کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیاتھا جب کہ وہ اپنے علاقے میں فلم میں اداکاری کرنے کے حوالے سے مشہور تھا۔ ثاقب بلال نے 3 سال قبل تھیٹر میں ہونےوالا مقابلہ بھی جیتا تھا۔

دوسری جانب شہید ہونے والے دوسرے نوجوان مدثر رشید کا تعلق غریب گھرانے سے تھا اوروہ اپنے گھر والوں کا پیٹ پالنے کے لیے اسکول کے بعد مزدوری کرتا تھا۔ مدثر نے سوگواران میں بیمار والدین، معذور بھائی اور ایک دس سال کی بہن چھوڑی ہے۔