مسروقہ گاڑیوں کے جعلی کاغذات بنانے کے الزام میں ملوث ملزم کا عدالتی ریمانڈ

کنور صدا جعلی مہریں اور چوری شدہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرکے پنجاب کے جعلی نمبرز لگاتاتھا،پولیس.

اورنگی ٹاؤن کے شادی ہال سے نکلنے والے افراد سے لوٹ مار میں ملوث 2ملزمان عبدالخالق اور شیرداد کا جسمانی ریمانڈ. فوٹو: فائل

چوری شدہ موٹرسا ئیکلوں کی جعلی رجسٹریشن بکس بنانے ، نمبر پلیٹ ، اندرون ملک گاڑیوں کو منتقل کرنے کیلیے جعلی این او سی بنانے کے الزام میں جعلساز گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیاگیا فاضل عدالت نے پبلک پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کنور صدا الرحمٰن کو جیل بھیج دیا ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو اینٹی کار لفٹنگ سیل نے جعلسازی اوردھوکا دہی اور موٹر سائیکل چوری کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کنور صدا لرحمنٰ کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کے روبرو پیش کیا تھا،اس موقع پر پبلک پراسیکیوٹر سید شمیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شاطر ہے اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ای ٹی او کی جعلی مہریں بنوائیں ، گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس ، سرکاری لیٹر ہیڈ کے علاوہ چوری شدہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرکے انھیں پنجاب کے جعلی نمبرز ، رجسٹریشن بکس اور اندرون ملک منتقل کرنے سے متعلق جعلی این او سی بنائیں۔




ملزم کی گرفتاری کے بعد نشاندہی پر ای ٹی او کی مہریں ، رجسٹریشن بکس ، چوری شدی موٹر سائیکل و دیگر سامان برآمد کیا تھا،ملزم سے تحقیقات کرنی ہے اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری باقی ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ منظور کرنیکی استدعا کی تھی تاہم فاضل عدالت نے وکیل سرکار کی استدعا مسترد کردی اور ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ،ملزم کے خلاف چالان جمع کرانے کی ہدایت کی ہے،علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی غلام مرتضیٰ بلوچ نے پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان عبدالخالق اور شیرداد کو دو روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے ۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان مدینہ کالونی اورنگی ٹائون میں شادی کی تقریب میں مدعو مہمانوں کو شادی ہال سے نکلتے ہی لوٹ لیتے تھے ،لوٹ مار کے دوران پولیس نے کارروائی کی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور شہریوں سے لوٹا ہوا مال برآمد کیا تھا، ملزمان کو زخمی حالت میں عدالت میں پیش کیا تھا ۔
Load Next Story