ایس ای سی پی میں گزشتہ ماہ 366 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن

گزشتہ سال جون میں 364 کمپنیاں رجسٹرہوئیں،کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد61ہزار 990 ہو گئی

گزشتہ سال جون میں 364 کمپنیاں رجسٹرہوئیں،کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد61ہزار 990 ہو گئی۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) میں جون کے دوران 366 نئی کمپنیاں رجسٹر ڈ ہوئیں جس کے بعد ملک میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد61ہزار 990 ہو گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق گزشتہ سال جون کے دوران364 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی تھی، ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور اس حوالے سے سرمایہ کاروں میں شعور اجاگر کرنے کی مہم نے رجسٹریشن کی شرح بڑھانے میں اہم کرادار ادا کیا، جون میں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں 87 فیصد کمپنیوں نے بطور پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی، 2فیصد پبلک لمیٹیڈ ،1 فیصد فارن کمپنیاں جبکہ7 فیصد کمپنیوں نے بطور سنگل ممبر کمپنی رجسٹریشن حاصل کی ، جون میں3 کمپنیوں نے کمپنیز آرڈیننس کی دفعہ کے تحت تحت بطور ایسوسی ایشن رجسٹریشن حاصل کی۔




ایس ای سی پی کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں اور غیر ملکی ڈائریکٹرز رکھنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کے باعث جون میں13 ایسی کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی جس میں چین، پانامہ ، امریکا ، عراق، جرمنی، ا سپین ، بلغاریہ ، ڈنمارک ، اردن اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی، بیرونی سرمایہ کاری رکھنے والی کمپنیوں نے زراعت، فارمنگ، تعلیم، توانائی، ماربل ،اسٹیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ،جون میں سب سے زیادہ کمپنیاں یعنی 46 کمپنیاں ٹریڈنگ اور 45 کمپنیاں خدمات کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ33کمپنیاں ٹیلی کمیونیکیشن، 31 کمپنیاں سیاحت، 18 کمپنیاں تعمیرات اور کارپوریٹ ایگریکلچر، 16کمپنیاں کمیونیکیشن اور تعلیم کے شعبے میں 14 اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں بھی 14 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

جون میں سب سے زیادہ رجسٹریشن اسلام آباد میں ہوئی جہاں 120کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ لاہور میں117اور کراچی میں 80 کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔کمپنی رجسٹریشن آفس پشاور میں17 اور ملتان میں22، فیصل آباد اور کوئٹہ میںچھ چھ کمپنیاںرجسٹر ہوئیں ۔ جون میں198 کمپنیوں کی جانب سے غیر ادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیا گیا اور کل 16 ارب 3 کروڑ روپے تک کے اضافے کی منظوری دی گئی ، علاوہ ازیں 121 کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے کل ادا شدہ سرمائے میں مجموعی طور پر 17ارب 19 کروڑ روپے کا اضافہ منظور کیا گیا۔
Load Next Story