سبزی منڈی کراچی میں 2 ارب کی سرکاری اراضی پر قبضہ

پارکنگ ،فائر اسٹیشن ، واٹر ٹینک ، بیت الخلا و دیگر عوامی سہولتوں کے لیے مخصوص زمین پرقبضہ کیا گیا،سپریم کورٹ کوخط

قبضہ مافیا نے سبزی منڈی میں بیواؤں اور یتیموں کی دکانوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے، سندھ ایگری کلچر مارکیٹ کمیٹی ۔ فوٹو: راشد اجمیری/فائل

سندھ حکومت کی ایگری کلچر مارکیٹ کمیٹی نے سپریم کورٹ کو ارسال خط میں سبزی منڈی میں 2 ار ب روپے کی سرکاری اراضی مافیا کے زیر قبضہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

جس میں پارکنگ اور فائر اسٹیشن کے لیے مخصوص اراضی، واٹر ٹینک اور اوور ہیڈ ٹینک ، بیت الخلا و دیگر عوامی سہولتوں کیلیے مخصوص زمین شامل ہے، قبضہ مافیا نے سبزی منڈی میں درجنوں بیواؤں اور یتیموں کی دکانوں پر بھی قبضہ کررکھا ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے احکام پر جب سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی نے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تو سبزی منڈی میں قابض مافیا نے رکاوٹیں ڈالنی شروع کردیں۔


خط کے مطابق ان عناصر نے تحریک انصاف کے مقامی رہنما کا بھی تعاون حاصل کرلیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن رکوانے کے لیے مظاہرہ کیا اور سپر ہائی وے بلاک کردی جس پر ان عناصر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوئی اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں، خط میں قبضہ مافیا کے کارندوں ، سرپرستی کرنیو الے منڈی کے نام نہاد 14تاجر رہنماؤں کے نام بھی درج کیے گئے ہیں، خط میں استدعا کی گئی ہے کہ مارکیٹ کمیٹی نے اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر عمل درآمد کیلیے پولیس اور انتظامیہ سے مدد مانگی لیکن خاطر خواہ مدد نہ مل سکی جس کی وجہ سے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں مشکل پیش آرہی ہے۔

مارکیٹ کمیٹی میں مقرر کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹرز نے رفاہی پلاٹوں پر خلاف قانون الاٹ منٹ دے دیاہے جن کے مقدمات لوئر کورٹ اور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں،مارکیٹ کمیٹی نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ کراچی کو تجاوزات سے پاک کرنے سرکاری اراضی اور بیواؤں اور یتیموں کا حق دلوانے کیلیے جعلی اور غیرقانونی الاٹمنٹ کی دستاویزات پر قائم مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ اربوں روپے کی ایکسپورٹ کے ذریعے معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والی سبزی اور فروٹ منڈی کو تجاوزات سے پاک کیا جا سکے۔
Load Next Story