سرد ہواؤں نے شہریوں کی قلفی جمادی سرد و خشک لہر مزید کئی روز تک جاری رہے گی

شہر کا درجہ حرارت 8ڈگری تک گرسکتاہے،2017دسمبرمیں شہرکاپارہ8.6ڈگری ریکارڈ ہوچکاہے،عبدالرشید

منگل سے ہوا ؤں کی رفتار کم ہونے کا امکان،پیر کو ریکارڈ 10ڈگری رواں سال کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

بلوچستان سے داخل ہونے والی سرد مغربی ہواؤں کی وجہ سے شہر میں سردی برقرار رہی جب کہ درجہ حرارت میں مزید کمی آگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کوئٹہ (بلوچستان)کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار30کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ،جس کی وجہ سے شہرکا موسم سرد وخشک رہا، سردی کی موجودہ لہر کے دوران شہر کا درجہ حرارت گزشتہ روزکے مقابلے میں 2ڈگری کمی سے10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.5ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ریکارڈ ہونے والا10ڈگری پارہ رواں سال کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔


محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق (آج)منگل سے ہوا ؤں کی رفتار کم ہونے کا امکان ہے ،تاہم سردی کی لہر آئندہ چند روز تک برقراررہ سکتی ہے اور درجہ حرارت 8ڈگری تک گرسکتا ہے۔

عبدالرشید کے مطابق موجودہ سردی کی لہر کے دوران اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ شہر کا پارہ غیر معمولی طورپر گرنے کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کا ریکارڈ ٹو ٹ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2017 دسمبر میں شہر کا پارہ 8.6ڈگری ریکارڈ ہوچکا ہے، پیر کی صبح کے وقت دھند چھانے کی وجہ سے شہر کی حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر 4کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد وخشک جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کاامکان ہے۔
Load Next Story