وینکٹ لکشمن کی اچانک ریٹائرمنٹ معمہ بن گئی

لکشمن کو دلبرداشتہ کرنے میں دھونی کا بھی ہاتھ ہے، زرائع

ساروگنگولی کا کہنا ہے کہ لکشمن کی ریٹائرمنٹ کے پیچھے چیف سلیکٹر اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

KUALA LUMPUR:
سینئر بھارتی بیٹسمین وینکٹ لکشمن کی اچانک ریٹائرمنٹ معمہ بن گئی، اس کا ذمہ دار بھارتی کرکٹ بورڈ اور سلیکٹرز کو قرار دیا جارہا ہے ، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ لکشمن کا فیصلہ خود ان کیلیے حیرت کا باعث ہے، اصل اسباب سے تو کرکٹر خود ہی آگاہ ہوں گے، ادھر ساروگنگولی کا کہنا ہے کہ لکشمن کی ریٹائرمنٹ کے پیچھے چیف سلیکٹر اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔


تفصیلات کے مطابق بھارت کے سینئر بیٹسمین لکشمن ہفتے کے روز اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذات پر ملک اور اس کی ضروریات کو ترجیح دی اور اب بھی اپنے ضمیر کی آواز پر ریٹائر ہورہا ہوں تاہم انھوں نے اپنے اس اچانک فیصلے کے پیچھے کارفرما عوامل پر سے پردہ نہیں اٹھایا۔ بعض حلقے لکشمن کے اس اچانک فیصلے کی وجہ بی سی سی آئی اور سلیکٹرز کے رویے کو قرار دے رہے ہیں ان کا خیال ہے کہ اسٹائلش بیٹسمین سے سلیکشن کمیٹی اور بی سی سی آئی نے اچھا برتائو نہیں کیا جس کی وجہ سے انھوں نے دلبرداشتہ ہوکر اپنے ہوم گرائونڈ حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ تک کھیلنا گوارا نہیں کیا اور فوری طور پر ریٹائر ہوگئے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے خود لکشمن کی ریٹائرمنٹ پر حیرت کا اظہار کیا ہے، بی سی سی آئی کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ ہمیں حقیقت میں اس بات کا کوئی ادراک نہیں کہ لکشمن نے یہ فیصلہ کیوں کیا ہے ہماری جانب سے اس پر کوئی دبائو نہیں تھا ہوسکتا ہے کہ اس کو سابق کھلاڑیوں کے اخباری مضامین سے صدمہ پہنچا ہو، ہم نے ان سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی۔ چیف سلیکٹر سری کانت کا کہنا ہے کہ ہم لکشمن کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ادھر ساروگنگولی کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر سری کانت کو سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ برتائو کا کوئی علم نہیں ہے، ان کو پہلے ہی لکشمن کو اپنے پلان سے آگاہ کرنا چاہیے تھا کہ ان کو ٹیم میں منتخب کیا جارہا ہے یا نہیں تاکہ وہ بغیر کسی فکر کے اپنے کھیل پر توجہ دیتے، لکشمن کو دلبرداشتہ کرنے میں دھونی کا بھی ہاتھ ہے۔
Load Next Story