فروری میں ویمنزکیریبیئن ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان

فیصلہ ہوگیا تو قومی کرکٹرز کو ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع میسر آئیگا، شاہد اسلم

فیصلہ ہوگیا تو قومی کرکٹرز کو ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع میسر آئیگا، شاہد اسلم فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم کے فروری میں دورہ پاکستان کا امکان ہے۔

سینئرجنرل منیجر پی سی بی ویمنز ونگ شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ ٹور کا فیصلہ ہو گیا توقومی کرکٹرزکوہوم کراؤڈ کے سامنے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، خواتین کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے، آئندہ 2 سال میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے سلیم خالق کوخصوصی انٹرویو میں شاہد اسلم نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے تحت ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی پابند ہے۔


پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ کیریبیئن خواتین کرکٹرز آئیں، اگرٹورممکن ہوگیا تو پاکستانی پلیئرزکو اپنے ہوم گراؤنڈ کے سامنے صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچراور سہولیات میں نمایاں فرق ہونے کی وجہ سے ابھی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو ٹکر دینے کا نہیں سوچ سکتے، گرچہ پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے لیکن انفرا اسٹرکچر، سہولیات اور سماجی رکاوٹوں جیسے مسائل بھی ہیں، ویژن 2022 کے تحت گراس روٹ پر کام کرتے ہوئے اسکول اورکلب کرکٹ کو فروغ دیں گے۔

منتخب 250 اسکولوں کی ٹیموں کو فعال کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا ڈیٹا بھی اکھٹا کیا جائیگا، مستقبل کی کھیپ تیار کرنے کے لیے انڈر 17 اور انڈر23 کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، ریجنل اکیڈمیز کو بھی سرگرم کریں گے، ویمنز ونگ، پی سی بی کے معاون اسٹاف اور صوبائی حکومتوں سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ آئندہ 2 سال میں ویمنز کرکٹ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔ قومی ٹیم کی کپتان جویریہ خان کی جانب سے ویمنز کرکٹ لیگ کروانے کی تجویز پر بات کرتے ہوئے شاہد اسلم نے کہا کہ اس طرح کا ایونٹ ہمارے 5سالہ پلان میں شامل ہے لیکن فی الحال ہماری ٹیم کی کارکردگی کے معیار اور ملکی کلچرکی وجہ سے خواتین کرکٹ اتنی مضبوط نہیں کہ منصوبے پر فوری طور پر عملدرآمد کرسکیں۔
Load Next Story