قسمت بھی خفا دوسری بار فیلڈ امپائرکی ہاں ناں میں بدل گئی

بروس اوکسنفورڈ کی نظروں میں درست کیچ سندرام روی کیلیے غلط قرار پایا

بروس اوکسنفورڈ کی نظروں میں درست کیچ سندرام روی کیلیے غلط قرار پایا

KARACHI:
جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں قسمت بھی پاکستان سے خفا ہے دوسری بار فیلڈ امپائر کی ہاں، ناں میں بدل گئی۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بروس اوکسنفورڈ کی نظروں میں درست کیچ سندرام روی کیلیے غلط قرار پایا، محمد عباس کی گیند پر 3 رنز پر آؤٹ قرار پانے والے باووما کو اننگز جاری رکھنے کا موقع مل گیا اور وہ اسکور 75 تک پہنچا کر رخصت ہوئے۔


ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سخت مایوسی کے باوجود ضبط کا دامن نہ چھوڑا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران دوسری بار تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کو وکٹ سے محروم رکھا، سنچورین میں 149رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ گنواکر 16رنز بنائے، اس وقت ڈین ایلجر 4 پر بیٹنگ کررہے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پہلی سلپ میں اظہر علی نے کیچ لیا، فیلڈ امپائرز بروس اوکسنفورڈ اور سندرام روی نے آپس میں بات کرنے کے بعد درست ہونے کا اشارہ دیا لیکن تھرڈ امپائر جوئیل ولسن نے فیصلہ بیٹسمین کے حق میں دیدیا، پاکستانی کرکٹرز حیران ہوئے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر تو جوئیل ولسن کے کمرے میں جا دھمکے اور سوالات کیے۔

آئی سی سی نے انھیں وارننگ کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا، بعد ازاں کپتان سرفراز احمد اور گرانٹ فلاور نے بھی کیچ نہ دیے جانے کا فیصلہ غلط قرار دیا۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جمعے کو پھر اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا۔

جنوبی افریقہ کا ٹوٹل 4وکٹ پر 156اور پاکستانی بولرز دباؤ بڑھانے کیلیے کوشاں تھے، محمد عباس کی گیند پر باووما نے سلپ میں موجود اظہر علی کوکیچ دیا، امپائر بروس اوکسنفورڈ نے اس کے درست ہونے کا مثبت اشارہ دیا،اس بار تھرڈ امپائر جوئیل ولسن کے بجائے سندرام روی تھے، انھوں نے فیصلہ بیٹسمین کے حق میں دیدیا،اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، مکی آرتھر سخت مایوس نظر آئے لیکن گزشتہ غلطی سے سبق سیکھتے ہوئے کرسی پر جمے رہے۔ باووما کو3 رنزپر اننگز جاری رکھنے کا موقع ملا اور وہ اپنااسکور75تک پہنچاکررخصت ہوئے۔
Load Next Story