ایک ہفتے بعد سڑکوں پر کچرا دکھائی نہ دے ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت

مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود پارکوں، پلوں اور سڑکوں کے کناروں پر مکمل صفائی کا بندوبست کیا جائے، ہاشم رضا۔

ملازمین کو جون کی تنخواہ نہیں ملیں،تنخواہیں انتہائی تاخیر سے ملنے پر مسائل بڑھ رہے ہیں،بلدیاتی افسران کا اجلاس میں موقف فوٹو : فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے محکمہ میونسپل سروسز اور پانچوں اضلاع کی میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایات کی روشنی میں رواں ماہ کی20 تاریخ تک 60 فٹ اور اس سے بڑی شہر کی تمام سڑکوں سے کچرا صاف ہوجانا چاہیے۔

20 جولائی کے بعدان سڑکوں پرکچرا دکھائی نہ دے جبکہ پارکوں، پلوں اور سڑکوں کے کناروں پر مکمل صفائی کا بندوبست کیا جائے تاکہ شہر صاف ستھرا نظر آئے ، یہ بات انھوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسزمسعود عالم ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، میونسپل کمشنر شرقی اشفاق ملاح، میونسپل کمشنر غربی قمر شیخ، میونسپل کمشنر جنوبی محمد رئیسی،میونسپل کمشنر وسطی آفاق سعید، ضلعی میونسپل کارپوریشن ملیر سے طلعت محمود، ڈائریکٹر مشینری پول نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران پانچوں ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے نمائندوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اپنے انتظامی و مالی معاملات میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ موجودہ مالی بحران کے پیش نظر حکومت سندھ سے خصوصی گرانٹ مہیا کرنیکی درخواست کی جائے تاکہ ملازمین کو واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پٹرول اور ڈیزل کی خریداری کی مد میں واجبات کی ادائیگی بھی کی جاسکے ۔




ضلعی بلدیات کے نمائندوں نے کہا کہ اگر یہ مسائل حل کردیے جائیں تو شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموںمیں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے، ملازمین کو مئی کی تنخواہ ادا کی جاچکی ہے جبکہ جون کی تنخواہوں کی ادائیگی کرنا باقی ہے ، انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سے ضلعی ایڈمنسٹریٹر کا چارج واپس لیے جانے کے بعد انھیں انتظامی اختیارات بھی حاصل نہیں رہے۔

، ایڈمنسٹریٹر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے اس موقع پر کہا کہ مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود شہر کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنا بلدیاتی اداروں کی اولین ذمے داری ہے لہٰذا محکمہ میونسپل سروسز شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلیے پانچوں ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے اشتراک سے جامع اور موثر حکمت عملی تیار کرے اور اس سلسلے میں ضرورت پڑنے پر متعلقہ ڈی ایم سی کو گاڑیاں، مشینری اور دیگر سامان مہیاکیا جائے۔

تاکہ شہر کے کسی بھی ضلع میں کچرا اٹھانے اور اسے لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے میں کوئی رکاوٹ نہ رہے اور ہم سب مل کر دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے شہر کو صاف ستھرا رکھ سکیں، دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے سوک سینٹر کے احاطے میں موجود مرکزی جامع مسجد کی توسیع کے سلسلے میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، ہاشم رضازیدی نے ہدایت کی کہ رمضان کے مقدس مہینے میں نمازیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مسجد کی توسیع کے لیے جاری تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے۔
Load Next Story