اسپانسرشپ معاہدے کراچی کنگز کی ڈھال بن گئے

بھاری خسارے کا شکار ہونے سے محفوظ رکھا، 2016میں22کروڑکے کنٹریکٹس سے خسارہ 11 کروڑ تک محدود

2017میں ساڑھے39کروڑ کی اسپانسر شپ نے نقصان 6 کروڑ روپے تک رہنے دیا، 2سالہ مالی معاملات کی رپورٹ میں انکشاف فوٹو:فیس بک

اسپانسر شپ معاہدے کراچی کنگز کی ڈھال بن گئے اور پی ایس ایل فرنچائز کو بھاری خسارے کا شکار ہونے سے محفوظ رکھا، ٹیم کو 2016کے پہلے ایڈیشن میں اس سے تقریباً22 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی جس سے مجموعی خسارہ 11 کروڑ تک محدود رہا۔2017میں ساڑھے 39 کروڑ کی اسپانسر شپ نے نقصان 6 کروڑ روپے تک رہنے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں فرنچائزز کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا، نمائندہ ''ایکسپریس'' کے پاس موجود مالی معاملات کی رپورٹ کے مطابق کراچی کنگز کو 2016 کے پہلے ایڈیشن میں سینٹرل پول سے12 کروڑ90 لاکھ99ہزار301 روپے جبکہ اسپانسر شپ سے21 کروڑ92 لاکھ69 ہزار302 روپے کی آمدنی ہوئی، مجموعی طورپر یہ رقم 34 کروڑ83 لاکھ68 ہزار302 روپے بنتی ہے۔ کراچی کنگز نے فرنچائز فیس کی مد میں پی سی بی کو 42 کروڑ52 لاکھ26 ہزار 907 روپے ادا کیے، مشاورت فیس پر2 لاکھ68 ہزار603 روپے خرچ کیے گئے۔


ہوٹل میں رہائش پر48 لاکھ 29 ہزار962 روپے صرف ہوئے،ٹیم مینجمنٹ پر 30 لاکھ 98 ہزار218 روپے خرچ ہوئے، تشہیر پر ایک کروڑ 82 ہزار145 جبکہ میڈیا پر 2 لاکھ 84 ہزار765 روپے کے اخراجات کیے گئے، برانڈ ایکٹیویشن پر 46لاکھ 76 ہزار587 روپے لگے، تشہیری سرگرمیوں پرایک کروڑ56 لاکھ 7 ہزار874 جبکہ دیگر مد میں 13 لاکھ 22 ہزار706روپے خرچ ہوئے، یوں ٹیم کو پہلے سال مجموعی طور پر11 کروڑ70 لاکھ 28 ہزار811 روپے کا خسارہ ہوا۔کراچی کنگز کو 2017 کے دوسرے ایڈیشن میں سینٹرل پول سے10 کروڑ86 لاکھ21ہزار627 روپے، اسپانسر شپ سے39 کروڑ51 لاکھ83 ہزار83 روپے جبکہ دیگر ذرائع سے 20 لاکھ 45 ہزار640 روپے کی آمدنی ہوئی، مجموعی طورپر یہ رقم 50 کروڑ58لاکھ50 ہزار350 روپے بنتی ہے۔

کراچی کنگز نے فرنچائز فیس کی مد میں پی سی بی کو 29 کروڑ92 لاکھ88 ہزار 369روپے ادا کیے،میچ فیس کے 20کروڑ 14 لاکھ 41 ہزار 569روپے دیے گئے، ملبوسات پر25 لاکھ 17 ہزار639 روپے اور ہوٹل میں رہائش پر52 ہزار938 روپے صرف ہوئے،انشورنس کے اخراجات5 لاکھ 20 ہزار437 تھے،تنخواہوں کی مد میں ایک کروڑ98 لاکھ 17 ہزار161 روپے دیے گئے، ٹیم مینجمنٹ پر 16 لاکھ 98 ہزار967 روپے صرف ہوئے، تشہیر پر37 لاکھ 86 ہزار 610 روپے لگے جبکہ میڈیا اخراجات 22 لاکھ 35 ہزار 550تھے، برانڈ ایکٹیویشن پر 39لاکھ 45 ہزار822 روپے لگے،تشہیری سرگرمیوں پر2کروڑ52 لاکھ 9 ہزار 819 جبکہ دیگر مد میں 31 لاکھ 74 ہزار421روپے خرچ ہوئے، یوں ٹیم کو دوسرے سال مجموعی طور پر6 کروڑ8 لاکھ 46 ہزار776 روپے کا خسارہ ہوا۔
Load Next Story