جنوبی افریقی کپتان نے ملکی پچز پر تنقید مسترد کردی

کیوریٹرز سے صرف پیس اور باؤنس کی فرمائش کرتے ہیں، فاف ڈوپلیسی

میزبان سائیڈ کیلیے معاون وکٹوں کی تیاری میں کوئی برائی نہیں ہے،پروٹیزکوچ فوٹو: فائل

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پچز پر تنقید مسترد کردی، انھوں نے کہاکہ ہم عجیب و غریب وکٹیں نہیں بنواتے، کیوریٹرز سے صرف پیس اور باؤنس کی فرمائش کرتے ہیں، ذہنی مضبوطی اور تکنیک ہو تو ان ٹریکس پر بھی رنز بنائے جاسکتے ہیں، ہوم کنڈیشنز ہمارا مضبوط قلعہ ہیں، دوسری جانب جنوبی افریقی کوچ اوٹس گبسن نے کہاکہ میزبان سائیڈ کیلیے معاون وکٹوں میں کوئی برائی نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹ سے زیر کرکے سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، میزبان سائیڈ کوپچز کے حوالے سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے، ماضی میں پروٹیز کی کوچنگ کرنے والے پاکستان کے موجودہ ہیڈ کوچ مکی آرتھربھی یہ کہہ چکے کہ یہاں کی وکٹیں اب کافی تبدیل ہوچکی ہیں، البتہ کپتان فاف ڈوپلیسی نے پچز پر تنقید کو یکسر مسترد کردیا، انھوں نے کہا کہ ہم نے کبھی عجیب و غریب پچز تیار کرنے کو نہیں کہا، ہم صرف پیس اور باؤنس کا کہتے ہیں، آپ کو خود اپنے کھیل کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنا ہوتا ہے، ٹیمبا باووما اس کی بہترین مثال ہیں، انھوں نے مسلسل2 ٹیسٹ میچز میں مشکل پچز پر رنز اسکور کیے۔


اسی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر آپ ذہنی استبداد بروئے کار لائیں اور آپ کے پاس تکنیک ہے تو رنز اسکور کرسکتے ہیں۔ ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ کرکٹ اب 4،5برس پہلے جیسی نہیں رہی جب 400، 500 رنز بننا معمول ہوتا تھا، ہوسکتا ہے کہ آسٹریلیا وغیرہ میں آپ فلیٹ وکٹوں کی بات کریں مگر یہاں جنوبی افریقہ میں اب بھی گیند سوئنگ ہوتی اور یہاں پر رنز اسکور کرنا آسان نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ زیادہ پرانی بات نہیں جب ہم لوگ خود رینکنگ میں ساتویں نمبر پر تھے اور جس پہلی چیز پر ہم نے توجہ دی وہ ہوم سیریز میں کامیابی تھی، ہوم کنڈیشنز ہمارا قلعہ ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنے ملک میں مسلسل ساتویں ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ دوسری جانب میزبان کوچ اوٹس گبسن نے کہاکہ جس دن ڈوپلیسی نے سنچری بنائی اس روز پاکستانی بولرز صرف چار وکٹیں ہی لے سکے، یہ درست ہے کہ وکٹ کا باؤنس غیرمتوازن تھا مگر میں سمجھتا ہوں کہ ہوم سائیڈ کیلیے معاون وکٹوں میں کوئی برائی نہیں ہے۔
Load Next Story