ون ڈے ٹیم شان مسعود مضبوط امیدواروں میں شامل

مشاورت مکمل، چیف سلیکٹر نے فہرست منظوری کیلیے چیئرمین کوسونپ دی

مشاورت مکمل، چیف سلیکٹر نے فہرست منظوری کیلیے چیئرمین کوسونپ دی فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈ پر مشاورت مکمل ہوگئی چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فہرست منظوری کیلیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو سونپ دی اعلان 1،2 روز میں متوقع ہے شان مسعود بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں جب کہ محمد عامر اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا۔


تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے پروٹیز سے ون ڈے سیریز کیلیے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کرتے ہوئے فہرست حوالے کردی، ٹیم کا اعلان 1،2 روز میں متوقع ہے، ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں جگہ گنوا بیٹھنے والے محمد عامر اور وکٹ محمد رضوان کی واپسی کا امکان ہے،وکٹ کیپر بیٹسمین نے آخری ون ڈے جنوری 2017میں ایڈیلیڈ میں کھیلا تھا،عامر جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں شامل ہیں، انجری کی وجہ سے وطن واپس آنے والے حارث سہیل کے ساتھ جنید خان کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

ممکنہ 18کھلاڑیوں کی فہرست میں ڈومیسٹک اور اے کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عابد علی کا نام بھی موجود تاہم ان کو موقع کیلیے مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔ ممکنہ اسکواڈ میں فخرزمان، امام الحق، محمد حفیظ، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک،سرفراز احمد، محمد رضوان، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں، جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ون ڈے 19 جنوری کو ہوگا، اس کے بعد مزید 4میچز کھیلے جائیں گے۔
Load Next Story