رمضان کے دوران ٹریفک اضلاع سیکٹرز میں تقسیم ایف ایم ٹرانسمیشن شروع ہوگئی

ویجلنس ٹیموں کو ذمے داریاں تفویض،اے ڈی آئی جی ٹریفک فوکل پرسن نامزد،4 سیکٹروں کے فرائض ایس ایس پی ٹریفک زونز کو تفویض

ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام میں سیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، مسافر گنجائش نہ ہونے کے باعث بسوں کی چھت پر سفر کر رہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور شہریوں کی سہولت کیلیے ماہ رمضان المبارک میں ٹریفک کے انتظامات کے تحت ٹریفک پولیس کی ویجلنس ٹیموں کو خصوصی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں ۔

علاوہ ازیں ٹریفک پولیس نے اے ڈی آئی جی ٹریفک کو فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے یکم رمضان المبارک سے ایف ایم ریڈیو ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ کو رمضان المبارک کے ٹریفک انتظامات پر مشتمل رپورٹ میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ نے مزید بتایا کہ کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک دباؤ کی نشاندہی ہوتے ہی سب ڈویژن کے ڈی ایس پیز کو فوری طور پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈپلائمنٹ کیلیے پابند کر دیا گیا ہے۔




انھوں نے بتایا کہ اہم شاہراہوں پر باالخصوص افطاری سے قبل ٹریفک کے اچانک دباؤ کو پیش نظر رکھ کر ٹریفک پولیس کے پانچ اضلاع کو 4 سیکٹروں میں تقسیم کر کے ایس ایس پیز ٹریفک زونز کو ذمے داریاں تفویض کردی گئی ہیں، سید ذاکر حسین نے بتایا کہ سیکٹر ون ٹاور تا قائد آباد، سیکٹر II عید گاہ چوک تا سہراب گوٹھ ، سیکٹر III گرو مندر تا پاور ہاؤس چورنگی جبکہ سیکٹر IV حبیب بینک چورنگی تا مواچھ گوٹھ کے مختلف روٹس پوانٹس پر مشتمل ہے جہاں پانچوں اضلاع ایسٹ ویسٹ ساؤتھ سینٹرل اور ملیر کے ڈی ایس پیز ٹریفک سڑکوں پر ٹریفک بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ متبادل روٹس کے لیے بھی تمام تر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

آئی جی سندھ نے رمضان المبارک میں ٹریفک انتظامات پر مشتمل رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال کے حوالے سے سندھ پولیس کے ایف ایم ریڈیو ٹرانسمیشن سے بھی استفادہ کیا جائے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال سے شہریوں کو آگاہ رکھتے ہوئے ٹریفک دباؤ میں آنے والی شاہراہوں پر ضروری اقدامات کے تحت ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جاسکے۔
Load Next Story