شارع فیصل چھوٹا گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے خاتون کی لاش ملی

مقتولہ کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

ملزم نے مقتولہ کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر کے لاش پھینک دی۔ فوٹو: فائل

عید الفطر کے تیسرے روز شارع فیصل چھوٹا گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے خاتون کی لاش ملی ، مقتولہ عید الفطر کے دوسرے روز شوہر کے ساتھ گھر سے سیر تفریح کی لیے نکلی تھی ، شوہر فرار ہو گیا ، مقتولہ کے بیٹے نے باپ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ائیر پورٹ کے علاقے شاہراہ فیصل چھوٹا گیٹ کے قریب جھاڑیوں میں خاتون کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت75 سالہ مہر مائی کے نام سے اس کے بیٹے شفیق نے کرلی، ملزم نے مقتولہ کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر کے لاش پھینک دی، مقتولہ کچی آبادی بنگالی پاڑہ جمالی کالونی بلاک13/D2 گلشن اقبال کی رہائشی اور گھروں میں کام کرتی تھی۔


مقتولہ کے بیٹے شفیق نے اپنے بیان میں بتایا کہ مہر مائی کو عید الفطر کے دوسرے روز اس کا شوہر عبدالحمید سیر تفریح کی غرض سے اپنے ساتھ لے گیا تھا، کافی دیر ہونے پر بیٹے شفیق نے فون کر کے پوچھا تو باپ نے کہا کہ ہم لوگ ایک رشتے دار کے گھر میں ہیں تھوڑی دیر میں آئیں گے پھر رات کو اس کا فون آیا کہ میں نے تمھاری ماں کو مار دیا ہے اور لاش پھینک دی ہے جس پر عید الفطر کے دوسرے اور تیسرے روز کی درمیانی شب شفیق تھانے گیا اور پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر لاش کو ڈھونڈ لی، مقتولہ کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔

مقتولہ اور اس کا شوہر کافی عرصہ قبل رحیم یار خان میں اپنی زمین اور گھر فروخت کر کے کراچی منتقل ہو گئے تھے، عبد الحمید جوئے اور نشے کا عادی تھا، مقتول زمین اور گھر کے فروخت کرنے سے ملنے والی رقم جوئے اور نشے میں اڑا چکا تھا اب آئے دن مہر مائی سے رقم مانگتا تھا جس پر دنوں میں جھگڑا ہوتا تھا، پولیس نے مقتولہ کے بیٹے شفیق کی مدعیت میں ملزم عبد الحمید کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
Load Next Story