گورونانک کے 550 ویں جنم دن کی تیاریاں سونے اورچاندی کے یادگاری سکے تیار

سونے کے سکے کا وزن 5 اور10 گرام جب کہ چاندی کا سکہ 25 اور50 گرام وزنی ہے

سکھ مذہب کا بانی گورونانک دیوجی کا 550 واں جنم دن نومبر2019 میں منایا جائے گا فوٹو: فائل

سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن کوبھرپورطریقے سے منانے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں سکھ تنظیمیں تیاریوں میں مصروف ہیں۔

سکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے گورونانک کے 550 ویں جنم دن پربڑی تعدادمیں سونے اورچاندی کے یادگاری سکے تیارکروائے ہیں ، سونے اورچاندی کے سکے چاراقسام میں تیارکروائے گئے ہیں ان میں سونے کا سکہ 5 اور10 گرام وزن جبکہ چاندی کا سکہ 25 اور50 گرام کے وزن میں تیارکروایا گیا ہے، یہ سکے خالص سونے اورچاندی سے مقامی جیولروں سے تیارکروائے گئے ہیں۔

گولڈن ٹمپل امرتسر سےشرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندے سردار راجیندر سنگھ نے ایکسپریس کو بتایا کہ یہ یادگاری سکے ہیں جو دنیا بھرمیں بسنے والے سکھوں میں تقسیم کئے جائیں گے، ان سکوں کی قیمت اس کی فروخت کے وقت سونے اور چاندی کی قیمت کے برابر ہوگی تاہم خریدارکو سکے کی تیاری پرخرچ آنے والے ایک ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے، ان سکوں کو مارکیٹ میں سونے اورچاندی کی قیمت پر فروخت بھی کیا جاسکے گا۔




دوسری جانب وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی نے بھی گورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن پریادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کررکھا ہے تاہم یہ سکہ ابھی تک تیار نہیں ہوسکا ہے۔ وفاقی وزیر پیرنورالحق قادری نے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے مطالبے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔



پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ایک رہنما نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے جنم دن کی تیاریوں کا آغاز نہیں ہوسکا ہے، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈکے مستقل چیئرمین کی تعیناتی جلدہونی چاہیے تاکہ نومبر2019 میں گورونانک دیوجی کا 550 واں جنم دن بھرپور طریقے سے منایا جاسکے۔

 
Load Next Story