ایشٹون کو وارن جیسا بننے کیلیے محنت کرنا ہوگی چیپل

نوجوان اسپنر کی موجودگی سے آسٹریلیا کو سیریز میں واپسی کا حوصلہ ملے گا، سابق قائد.

نوجوان اسپنر کی موجودگی سے آسٹریلیا کو سیریز میں واپسی کا حوصلہ ملے گا، سابق قائد۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلیا کے ایشٹون ایگر نے اپنے روشن مستقبل کی نوید سنادی، سابق کپتان ای ین چیپل کہتے ہیں، بیٹنگ میں نوجوان کرکٹر شین وارن کی طرح بولنگ میں ویسا بننے کیلیے محنت کرنا پڑے گی،ان کی موجودگی سے آسٹریلیا کو سیریز میں کم بیک کرنے کا حوصلہ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایشٹون ایگر نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، وہ کیریئر کے ابتدائی ٹیسٹ میں گیارہویں نمبر پر ففٹی اسکورکرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں، وہ سنچری کا بھی اعزاز حاصل کرلیتے مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا، انھیں اس میچ میں ان کی لیفٹ آرم اسپن بولنگ کی وجہ سے شامل کیا گیا تھا تاہم انھوں نے کمال بیٹنگ میں دکھایا جبکہ بولنگ میں صرف دو وکٹیں ہی لے پائے۔




آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کپتان ای ین چیپل نے ایشٹون کو شین وارن جیسا قرار دیا مگر فوراً اپنی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اس کی بولنگ کو بھول جائیں میں صرف ان کی بیٹنگ کی بات کررہا ہوں، ڈیبیو کرنے والے بہت چند ہی پلیئرز یہ دعویٰ کرسکتے ہیں کہ انھوں نے اپنی ٹیم کیلیے سیریز بچائی ہے اگر ایشٹون پہلی اننگز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کرتا تو پھر آسٹریلیا کو ٹرینٹ برج میں اس سے بھی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا۔

ایشٹون کی موجودگی سے آسٹریلیا کے سیریز میں کم بیک کے لیے حوصلے بلند ہوں گے، جب ایشٹون بیٹنگ کرتا ہے تو مجھے شین وارن جیسا ہی دکھائی دیتا ہے لیکن اسے بولنگ میں اس مقام تک پہنچنے کیلیے ابھی سخت محنت کرنا پڑے گی۔آسٹریلوی میڈیا نے بھی ایشٹون کی شاندار کارکردگی کوسراہا، ایک اخبار کے تبصرہ نگار وین اسمتھ نے کہا کہ جس کسی نے بھی ایشٹون کی بیٹنگ کو دیکھا ہے وہ اچھی طرح جانتا ہوگا کہ اس قسم کا کھیل پوری زندگی میں صرف ایک بار ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔یاد رہے کہ دوسری اننگز میں ایشٹون کو آٹھویں نمبر پر کھلایا گیا مگر وہ صرف 14 رنز ہی بنا پائے۔
Load Next Story