باڑہ میں بمباری 7 جنگجو ہلاک تربیتی مرکز سمیت 6 ٹھکانے تباہ

کارروائی خرماتنگ،منصورسنگر،خاونگئی میں کی گئی، فورسز نے قومی پرچم لہرادیا،جاسوسی کے الزام میں ایک شخص اغوا

سوات میں فائرنگ،خاتون اوربچی جاں بحق، چارسدہ میں سوات جانیوالی فورسزکی گاڑی کو حادثہ، اہلکار جاں بحق،22زخمی. فوٹو: ایکسپریس نیوز

LONDON:
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے اکاخیل میں جیٹ طیاروں کی مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ سے 7 شدت پسند ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ شدت پسندوں کے تربیتی مرکز سمیت 6 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

سرکاری حکام کے مطابق اکاخیل کے علاقے خرماتنگ میں جیٹ طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر شیلنگ کی جو کافی دیر تک جاری رہی۔ بی بی سی کے مطابق کارروائی خرماتنگ، منصور سنگر، زاواڈھ اور خامنگئی میں کی گئی، کارروائی میں 7 شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ شدت پسندوں کی تربیت کیلیے استعمال ہونے والے مرکز سمیت 6 ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔ این این آئی کے مطابق فورسز نے علاقے کو دہشت گردوں سے کلیئر کر ا کر قومی پرچم لہرادیا۔




ایک سینیئر سیکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ یہ علاقے عسکریت پسندوں کے مضبوط گڑھ مانے جاتے ہیں جہاں سے وہ کوہاٹ اور سوات میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ اکاخیل میں ایک اور واقعے میں شدت پسندوں نے طیب نامی شخص کو جاسوسی کے الزام میں اغوا کر لیا۔ سوات کے علاقے قلاگے میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچی جاں بحق ہوگئی۔ چارسدہ میں کراچی سے ملاکنڈ جانے والی ایف سی کی گاڑی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔ حادثہ تخت بھائی روڈ پر چمیالان کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پیش آیا، زخمی اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
Load Next Story