گلستان جوہر کا منی ایکسچینج ڈاکو ایک منٹ میں 70 لاکھ لوٹ کر فرار

مسلح ڈاکوؤں نے واردات ایک منٹ میں مکمل کی

مسلح ڈاکوؤں نے واردات ایک منٹ میں مکمل کی

گلستان جوہر میں منی ایکسچینج میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو 70 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر باآسانی فرارہوگئے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر منی ایکسچینج کے2 سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے تھانے منتقل کردیا،3 ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی واردات ایک منٹ میں مکمل کی اور فرار ہوتے ہوئے سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی لے گئے۔ 6 ماہ قبل بھی اسی منی ایکسچینج میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی ڈاکوؤں نے 27 لاکھ روپے لوٹ کر مزاحمت پر منیجرکو زخمی کردیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پیرکی صبح شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 17میں رہائشی اپارٹمنٹ جاوید آرکیڈ کی شاپ نمبر3 قائم راوی منی ایکسچینج کا منیجر اور عملہ سیکیورٹی گارڈزکے ہمراہ منی ایکسچینج کھول رہے تھے کہ اسی دوران3 ڈاکوآئے اور انھوں نے تمام افراد کو اسلحہ کے زورپر یرغمال بنانے کے بعد منی ایکسچینج میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے تجوری میں رکھے 70 لاکھ روپے سے زاید مالیت کی رقم جس میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل تھی، لوٹ لی اور دونوں سیکیورٹی گارڈز کے ریپیٹر اٹھاکر بغیر نمبر پلیٹ لگی 125 موٹرسائیکل پر سوار ہوکر آسانی سے فرارہوگئے۔

منی ایکسچینج میں ڈکیتی کی واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کے حکام موقع پر پہنچ گئے اورپولیس نے منی ایکسچینج میں نصب سی سی ٹی وی کمیروں کی فوٹیج،ملزمان کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے جبکہ منی ایکسچینج کے دونوں سیکیورٹی گارڈز کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے کرتھانے منتقل کردیا۔

منی ایکسچنج کے منیجراسلان احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اور دیگرعملہ صبح9 بجے کے قریب منی ایکسچینج کھولنے کے لیے پہنچے تھے اور الشرتا کمپنی کے دونوں سیکیورٹی گارڈز حاکم علی اور خادم حسین ان کے ہمراہ موجود تھے اور دونوں سیکیورٹی گارڈ کی موجودگی میں ہی منی ایکسچیج کھولا کرتے تھے دونوں سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ منی ایکسچنیج میں رکھا ہوا تھا اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار3 مسلح ڈاکو آئے جنھوں نے اسلحہ کے زور پر انھیں یرغمال بنایا اور منی ایکسچینج میں موجود 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرارہو گئے۔


انھوں نے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں نے واردات ایک منٹ میں مکمل کی اورسیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی لے کر فرارہوگئے انھوں نے بتایا کہ 6 ماہ قبل بھی اسی منی ایکسچیج میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی اورمسلح ڈاکو 27 لاکھ روپے لوٹ کر فرارہوگئے تھے اور مزاحت پر انھیں ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کردیا تھا، ایس ڈی پی او شاہراہ فیصل ڈی ایس پی زاہد حسین کا کہنا ہے کہ صبح منی چینجر کھولتے ہوئے3 ڈاکوؤں نے واردات کی اورلاکھوں روپے کی رقم لوٹی اور فرار ہوگئے۔

پولیس نے موقع پرپہنچ کرسی سی ٹی وی فوٹیج ،ملزمان کے فنگر پرنٹس اور شواہد محفوظ کرلیے ہیں جبکہ منی ایکسچیج کے دونوں سیکیورٹی گارڈز سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے انھوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوع کی جیو فینسنگ کرارہی ہے امید ہے جلد ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جائے گا، ڈی ایس پی نے بتایا کہ منی ایکسچینج کو15 لاکھ سے زائد کی رقم رکھنے کی اجازت نہیں ہے زائد رقم رکھنے پر بھی کارروائی ہوگی۔

سولجر بازار نمبر 3 بہادر یار جنگ روڈ پر 2 ٹریول ایجنسیوں سمیت 4 دکانوں میں نقب زنی کی واردات کرکے چوروں نے ہزاروں روپے اور قیمتی سامان لوٹ لیا، تفصیلات کے مطابق سولجربازار تھانے کی حدود سولجر بازارنمبر 3 بہادریارجنگ روڈ پر 2 ٹریول ایجنسیوں سمیت4 دکانوں میں نقب زنی کی واردات کے دوران چوروں نے ہزاروںروپے اور قیمتی سامان لوٹ لیا، چوری کی واردات کی اطلاع اس وقت ملی جب پیرکی صبح ٹریول ایجنسیوں اور دکانوں کے مالکان دکانیں کھولنے پہنچے تو دکانوں کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔

جس پر انھوں نے پولیس کو اطلاع دی واردات کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز حکام موقع پر پہنچ گئے ، ایس ایچ او سولجربازار عبداللہ بھٹونے ایکسپریس کوبتایا کہ جن دکانوں نے تالے توڑے گئے ان میں 2 ٹریول ایجنسیاں ،کپڑے اور دیگر دکانیں شامل ہیں انھوں نے بتایا کہ ایک ٹریول ایجنسی سے ڈھائی ہزار اور دوسری ٹریول ایجنسی سے35 ہزارروپے چوری ہوئے ہیں، ٹریول ایجنسیوں اور دکانوں سے لیپ ٹاپ سمیت قیمتی اشیا موجود ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ایک ٹریول ایجنسی میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروںکی فوٹیج حاصل کرلی ہے فوٹیج میں ایک چور کو ٹریول ایجنسی کے تالے توڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے چور تالے توڑنے کے بعد ٹریول ایجنسی میں داخل ہوگیا ،چور کے پاس اینڈرائڈ موبائل فون بھی تھا چور کافی دیر تک دکان کے باہر بیٹھا رہا جس کے بعد اس نے اکیلے کارروائی کی ،متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ نقب زنی کی واردات رات کے کسی پہر کی گئی ہے اور نقصان کا تخمینہ لگاکرپولیس کو آگاہ کردیا جائے گا۔
Load Next Story