سرد موسم کا نیا سلسلہ سرد ہوائیں چلتی رہیں گی

 تیز رفتار سرد ہواؤں کے سبب درجہ حرارت 24ڈگری تک آگیا،ہواؤں کی رفتار50کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈکی گئی

اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک جبکہ رات سرد رہنے کا امکان ہے

تیز رفتار سرد ہواؤں کے سبب شہر کا مجموعی درجہ حرارت گر گیا۔

شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 50کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، معمول سے تیز خنک ہوائیں آج دوپہر تک تھمنے کی توقع ہے، 18جنوری کو سرد ہواؤں کا نیامغربی سلسلہ چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں پورے دن سرد ہوائیں چلتی رہیں، جبکہ بیشتر وقت مطلع جزوی ابر آلود رہا، ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقل ہونیوالے مغربی سلسلے کے بعد از اثرات شہر پر نمایاں رہے، اتوار اور پیر کی درمیان شب ہی شہر میں تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔


پیر کو دن بھرموسم سرد اور خشک رہا چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کے مطابق سرد ہوائیں آج (منگل)کی دوپہر تک معمول پر آنے کا امکان ہے، رواں ماہ کی 18جنوری کو ایک نئے مغربی ہواؤں کے سلسلے کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم یہ مغربی سلسلہ بارشوں کا سبب بنے گا، پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ کے مقابلے میں کئی ڈگری کمی سے 24ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پیر کو دھند کی وجہ سے حد نگاہ جزوی طورپر متاثر رہی، مطلع کہرانما ہونے کی وجہ سے حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر 4کلومیٹر رہ گئی تھی، محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک جبکہ رات سرد رہنے کا امکان ہے اس دوران ہوائیں معمول سے تیز چلنے کی توقع ہے۔
Load Next Story