راجستھان اور ممبئی میں مزید2کشمیری نوجوان شہید مقبوضہ وادی میں مظاہرے

روزگار کیلیے جانیوالے 35 سالہ پرویز احمد کی لاش ممبئی سے ملی، 21 سالہ عابد احمد گنائی کو ادے پور میں مارا گیا.

مقبوضہ وادی میں لوگ سراپا احتجاج، ہڑتال بھی کی گئی، بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی، قابض فوجیوں سے جھڑپیں. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

بھارت کی مختلف ریاستوں میں مقیم کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، راجستھان اور ممبئی میں مزید2کشمیری نوجوانوں کو شہیدکردیا گیا۔

بھارتی شہروں میں کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف مقبوضہ وادی میں شدید احتجاج کیا گیا۔ 35 سالہ پرویزاحمد حصول روزگارکے سلسلہ میں براستہ ممبئی بنگلور جارہا تھا۔ مقتول کے رشتے داروں نے بتایاکہ گمشدگی کی پولیس کو اطلاع دی گئی تھی، اسی دوران پرویزکی لاش ممبئی کے علاقے سے برآمد ہوئی۔ ریاست راجھستان میں بھی ایک کشمیری21 سالہ عابد احمد گنائی کو ادے پور میں نامعلوم بھارتی درندوں نے شہید کردیا جس کی لاش پیرکوبرآمد ہوئی،کشمیری نوجوانوں کی شہادت کیخلاف وادی بھر میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔ مظاہرین نے خفیہ قاتلوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔




بھارت میں پولیس اور انتہا پسند ہندوؤںکی طرف سے ایک کشمیری نوجوان کے قتل کیخلاف سرینگر کے مختلف علاقوں میں ہڑتال کی گئی' لوگوں نے سوپور، بانڈی پورہ ، بارہمولہ اور گاندربل کے اضلاع میں سڑکوں پرنکل کر بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے، ان علاقوں میں بھارتی فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے بھارت میں 2 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے قتل عام میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں، کشمیریوں پر مظالم اور چن چن کر قتل عام کا سلسلہ جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔
Load Next Story