بیرونی سرمایہ کاری کیلیے موثر حکمت عملی اختیار کرینگے زبیر عمر

یاماہا نیا پلانٹ لگائے گی،ملک چھوڑ کر جانے والے پاکستانی تاجروں کوواپس لایا جائے گا

امن بحال اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیگی، چیئرمین بی او آئی فوٹو: فائل

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ (بی اوآئی) محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ حکومت نجکاری کے عمل کو شفاف بنائے گی اور رواں سال کے لیے مقرر کردہ ڈھائی ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کرنے کیلیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سرمایہ کاری بورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جنہیں ملک میں کاروبار کرنے کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور موجودہ حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ ملکی مفاد کے کاموں میں تیزی لائی جائے اور معیشت کی بہتری و ترقی سے وابستہ فیصلوں میں کسی قسم کی تاخیر یا لاپرواہی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کو توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔




انہوں نے کہا کہ جاپانی یاماہا کمپنی ایک نیا پلانٹ پاکستان میں لگائے گی جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک چھوڑ کر دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانی تاجروں کو اپنے ملک میں کاروبار کرنے کے لیے راغب کیا جائے گا اس حوالے سے حکومت منظم منصوبہ بندی کے تحت کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کو امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے میں مشکلات کا سامنا رہا، موجودہ حکومت امن و امان کی صورتحال میں بہتری لا کر سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے جو بھی اہداف مقرر کرے گی ان کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت بہت سے ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا کر سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے منظم و موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی، حکومت معیشت کی بہتری اور ترقی کیلیے سرمایہ کار دوست پالیسیاں بنا رہی ہے تاکہ آئندہ چند سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔
Load Next Story