اسٹیلا صادق قائداعظم پولیس میڈل حاصل کرنیوالی پہلی خاتون

یہ میڈل عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حملے کے وقت سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے پر دیا گیا

آئی جی سندھ شاہد بلوچ پولیس کانسٹیبل اسٹیلا صادق کو قائداعظم میڈل دے رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سندھ پولیس کی کانسٹیبل اسٹیلا صادق قائداعظم پولیس میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون پولیس اہلکار بن گئیں۔

یہ میڈل اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو تفویض کیا جاتا ہے، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی کانسٹیبل اسٹیلا صادق قائداعظم پولیس میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں، انھیں یہ میڈل 2010 میں عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر ہونے والے خود کش حملے کے وقت سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے پر دیا گیا تھا، اسٹیلا نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سخت چیکنگ کرتے ہوئے2خود کش بمباروں کو مزار کے اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا، وہ خود بھی اس واقعے میں زخمی ہوگئی تھیں، ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2010 کو اس وقت وہ بوٹ بیسن تھانے میں تعینات تھیں اور انھیں عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے بھیجا گیا تھا۔




وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی تھیں کہ اسی دوران2مشتبہ افراد نظر آئے جنھیں انھوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روکنے کی کوشش کی لیکن اسی دوران انھوں نے اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا، اسٹیلا ، ان کے ساتھی پولیس اہلکاروں اور مزار کے سیکیورٹی گارڈز کی پھرتی اور سخت چیکنگ کی بدولت خود کش بمبار مزار کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے ورنہ زیادہ جانی نقصان ہونے کا خدشہ تھا ، واقعے میں7افراد شہید اور 77 زخمی ہوئے تھے ، اسٹیلا کا کہنا تھا کہ قائداعظم پولیس میڈل ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ، وہ آئندہ بھی بہادری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گی۔
Load Next Story