2 اغوا کاروں کا ریمانڈ بازیاب11 بچے بھی عدالت میں پیش

گذری میں ایک مکان میں قید کیاگیا تھا ،بچے نیم بے ہوشی کے عالم میں تھے ،12سالہ نوین کا عدالت میں بیان

فاضل عدالت نے تمام بازیاب بچوں کا میڈیکل کرانے کا حکم دیا اور ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔ فوٹو: فائل

بچوں کے اغوا ، گدا گری اور جبری مشقت کرانے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان اور بازیاب بچوں کو عدالت میں پیش کردیا گیا ۔

پولیس نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈاکس نے بچوں کو اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار بابو اور عامر کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی عزیز اﷲ کھوسو کے روبرو پیش کیا تھا، اس موقع پر ملزمان کے قبضے سے بازیاب 12سالہ عثمان ، 15سالہ محمد ابرار ، طاہر ، ساجد ، محمد حمزہ، ظہیر عباس ، عاطف ، سفیان ، جمشید ، نوین اور محمد افضل کو عدالت میں پیش کیا تھا، اس موقع پر12 سالہ نوین نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے اسے بھلا بھسلا کر اغوا کیا تھا، گذری میں ایک مکان میں قید کردیا تھا۔




جہاں دیگر بہت سے بچے نیم بے ہوشی کے عالم میں تھے، مجھے موقع ملا تو میں ان کے چنگل سے فرار ہوگیا اورآگرہ تاج پہنچ گیا جہاں پولیس نے اس کی مدد کی اور والد کو مطلع کیا تھا، پولیس نے مغویوں کا بیان قلمبند کرانے کی استدعا کی تھی، فاضل عدالت نے تمام بازیاب بچوں کا میڈیکل کرانے کا حکم دیا اور ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مدعی سنتوش کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
Load Next Story