گولڈ کپ فٹبال گروپ ’سی‘ میں امریکی ٹاپ پوزیشن پکی

کوسٹاریکا کی ٹیم 0-1 سے مات کے باوجود کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، کیوبا فتحیاب

گولڈ کپ فٹبال: امریکی گول کیپر سین جونسن کوسٹاریکا کے الوارو کی کک پر گیند قابو کررہے ہیں۔ فوٹو:اے ایف پی

گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں امریکا نے کوسٹا ریکا کو 1-0 سے مات دے کر گروپ ' سی ' میں ٹاپ پوزیشن پکی کرلی۔

ناکام سائیڈ بھی فائنل 8 میں شامل ہوگئی، گروپ کے دوسرے مقابلے میں کیوبا نے بلائز کو 4-0 سے ہراکر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، مارٹینز نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، ان میچز کی تکمیل کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، 2 گروپ میں تیسری پوزیشنز پرآنے والی ٹیموں ایل سلواڈور اور کیوبا نے بھی کوالیفائی کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کونکاکیف گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے لیگ میچز مکمل ہوگئے،گروپ ' سی ' کے اختتامی میچز میں امریکا نے کوسٹاریکا کیخلاف 1-0 سے کامیابی کی بدولت گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا، فیصلہ کن گول بنانے والے بریک شیا نے کسی بھی بین الاقوامی میچ میں پہلی مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا۔




کھیل کے 82ویں منٹ میں تجربہ کار ٹیم ساتھی لینڈون ڈونوان کا پاس ملنے کے بعد انھوں نے حریف گول کیپر پیٹرک پیمبرٹن کو چکمہ دینے میں تاخیر نہیں برتی، قبل ازیں پہلے ہاف کا خاتمہ بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا تھا، ڈونوان کو57ویں منٹ میں گول کرنے کا بہترین موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھاپائے،78ویں منٹ میں کوسٹاریکا کے کارلوس جونسن کا زوردار حملہ امریکی گول کیپر سین جوہانسن نے ناکام بنا دیا تھا، فری کک پر انھوں نے گیند کو ہیڈ رکیا جسے جوہانسن نے قابو کرلیا۔

انجری ٹائم میں بھی کوسٹاریکا کے سیلسو بورگیز کو مقابلہ برابر کرنے کا موقع ملا لیکن ان کے ہیڈ پر گیند امریکی گول کیپر کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی، گروپ کے دوسرے میچ میں کیوبا نے بلائز کو 4-0 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، مارٹینز نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا جبکہ ایک مرتبہ مارکوئز نے گیند کو جال میں پہنچایا، 20 جولائی کو شیڈول کوارٹر فائنلز میں میکسیکو کا مقابلہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے ہوگا، پناما کی ٹیم کیوبا کیخلاف صف آرا ہوگی، سیمی فائنل میں رسائی کے دیگر میچز 21 تاریخ کوہوں گے، ہونڈراس کا مقابلہ کوسٹاریکا اور امریکا کا سامنا ایل سلواڈور سے ہو گا۔

Recommended Stories

Load Next Story