18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری عوام سڑکوں پر مظاہرے توڑ پھوڑ

چیچہ وطنی میں سڑکیں بلاک کرنے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں، سحری، افطاری اور وضو کیلئے پانی غائب ہو گیا.

ملتان میں بھی مظاہرے جاری ،چارسدہ ،مظاہرین نے تنگی پشاور روڈ 2 گھنٹے کیلئے بند کردی،شاٹ فال 6350 میگا واٹ رہا۔ فوٹو: فائل

ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ کر لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت بجلی و پانی کی جانب سے گزشتہ روز بھی بجلی کی پیداوار اور شارٹ فال کے حوالے سے غلط اعدادوشمار جاری کیے گئے۔ گزشتہ روز شہروں میں 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ صنعتی پہیہ مکمل جام اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ رہیں ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی پیداوار 12620 میگا واٹ جبکہ ڈیمانڈ 18970 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 6350 میگا واٹ کا فرق رہا۔ چیچہ وطنی میں اڈا داد فتینانہ کے قریب سینکڑو ں دیہاتیو ں نے 24 گھنٹے سے بجلی کی بندش کیخلاف چیچہ وطنی ساہیوال روڑ 2 گھنٹے تک روڈ بند کر کے دھرنا دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی میلو ں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ بار ایسوسی ایشن نے مکمل ہڑتال کی۔




ملتان میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ جاری رہا، افطار' سحری اور تراویح کے وقت لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلان پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ نیو ملتان، بوسن روڈ، نواب پور روڈ، شجاع آباد روڈ، کچہری چوک پر میپکو کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کر دی اور میپکو کیخلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ بہاولپور اور گردونواح میں بھی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور بعض علاقوں میں 20گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ خیبرپختونخوا میں مشتعل مظاہرین نے پشاور تنگی روڈ کو دو گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلیے بند کیے رکھا۔ شبقدرمیں مشتعل مظاہرین نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر گرڈ اسٹیشن پر حملہ کیا۔ ڈیرہ غازیخان میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے روزہ دار دوسرے روز بھی واپڈا کیخلاف احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔
Load Next Story